مصباح الحق بہت بااثر شخصیت کی حیثیت سے سامنے آرہے ہیں ،ٹیم سلیکشن میں بھی ڈرائیونگ سیٹ پر دکھائی دیتے ہیں

سری لنکا کی سیریز کیلئے 20 کھلاڑیوں کے انتخاب میں چھ سلیکٹرز کی رائے برائے نام ہے،مصباح الحق نے فہرست گزشتہ سالوں کی کارکردگی پر بنائی ہے مصباح الحق نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ،ون مین شو کا تاثر غلط ہے‘ ترجمان پی سی بی / نجی ٹی وی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بہت بااثر شخصیت کی حیثیت سے سامنے آرہے ہیں اور پاکستانی ٹیم کی سلیکشن میں بھی ڈرائیونگ سیٹ پر دکھائی دیتے ہیں۔نجی ٹی وی نے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سری لنکا کی سیریز کے لئے 20 کھلاڑیوں کے انتخاب میں چھ سلیکٹرز کی رائے برائے نام ہے۔

مصباح الحق نے فہرست گزشتہ سالوں کی کارکردگی پر بنائی ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد سے بھی مشورہ نہیں کیا گیا۔ مصباح الحق نے چارج سنبھالنے کے بعد معاملات کو کنٹرول کرلیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس بارے میں پی سی بی ترجمان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ،ون مین شو کا تاثر غلط ہے، سیریز کے لیے ٹیم بناتے وقت کپتان سرفراز احمد کی رائے کو بھی اہمیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو تین سال کے لیے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ فاسٹ بولر وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ چھ صوبائی ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچز سلیکشن کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ مصباح الحق کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹیم کے انتخاب میں بطور کوچ اور چیف سلیکٹر رائے ضرور دیں گے البتہ حتمی ٹیم منتخب کرنے کا حق کپتان کے پاس ہو گا۔
وقت اشاعت : 18/09/2019 - 23:45:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :