کیریبین پریمیئر لیگ، گیانا امیزن واریرز نے مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کر لی، عمران طاہر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 19 ستمبر 2019 16:15

کنگسٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں گیانا امیزن واریرز نے جمیکا تلاواز کو 81 رنز سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی گیانا کا پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ بھی برقرار ہے۔ شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ ناقابل شکست 67 اور برینڈن کنگ نے 59 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

عمران طاہر نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے جمیکا تلاواز کے اہم کھلاڑی کرس گیل اور کپتان والٹن کو آئوٹ کیا۔بیسیٹری میں کھیلے گئے سی پی ایل کے 15ویں میچ میں گیانا امیزن واریرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنا کر جمیکا کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 219 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

کپتان شعیب ملک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 67 رنز بنائے، برینڈن کنگ 59 اور پوران 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جمیکا کے جیڈی ڈرن بیک اور آندرے رسل نے دو، دو جبکہ سمتھ اور لیویز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں جمیکا تلاواز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں 17.3ویں اوور میں 137 رنز بناسکی اور پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی۔ کرس گیل کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ فلپس اور آندرے رسل نے بالترتیب 40، 40 رنز بنائے۔ گیانا امیزن واریرز کے کیمو پال نے تین، عمران طاہر اور قیس احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ گیانا امیزن واریرز کے عمران طاہر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 19/09/2019 - 16:15:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :