جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرینگے ، روہت شرما

جمعہ 20 ستمبر 2019 09:15

بنگلور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما نے کہا ہے کہ پروٹیز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کے خلاف تیسرے میچ میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل اتوار کو کو بنگلور کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں شرما نے کہا کہ انکی ٹیم نے پروٹیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ کیلئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے جس کے تحت تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کیلئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پروٹیز کا شمار ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے تاہم انکی ٹیم بہترین کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ روہت شرما نے کہا کہ انکی ٹیم مہمان ٹیم کے خلاف سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔
وقت اشاعت : 20/09/2019 - 09:15:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :