سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

عابدعلی، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز اور عثمان خان شنواری کی واپسی، ایک روزہ میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے

ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:07

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی میں جاری رہے گی۔

قومی ٹیم میں 5 کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔ عابد علی، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان اور عثمان خان شنواری کو قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔



کمر کے درد میں مبتلا فاسٹ باوٴلر حسن علی کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ فاسٹ باوٴلر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔

قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا اعلان سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران کیا جائے گا۔ اس دوران ممکنہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی اکیڈمی کوچز کی زیر نگرانی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)



مصباح الحق، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم:

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین سے طویل مشاورت کے بعد سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ رواں سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کو 50 اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں یہ 3 ایک روزہ میچز ہی کھیلنے ہیں، کوشش ہے کھلاڑی اس طرز کی کرکٹ سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران مجھے اندازہ ہے کہ کوئی میچ آسان ہوتا ہے اور نہ کوئی حریف۔ مگر سیزن کے آغاز میں جیت بہت اہم ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا تجربے کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کا بھی باعث بنے گا۔



مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں کم بیک کرنے والے پانچوں کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین افتخار احمد آف اسپن باوٴلنگ بھی کرسکتے ہیں جو کہ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی اکثریت رکھنے والی سری لنکا کرکٹ ٹیم کے خلاف کپتان سرفراز احمد کے لیے کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ محمد نواز ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عابد علی، محمد رضوان اور عثمان شنواری بدقسمتی سے آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے تھے۔



مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کھلاڑیوں کے لیے مثبت کارکردگی دکھا کر قومی کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن بننے کا سبب بن سکتی ہے۔

16 رکنی قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم:

سرفراز احمد (کپتان) (سندھ)، بابراعظم (نائب کپتان) (سنٹرل پنجاب)، عابد علی (سندھ)، آصف علی (ناردرن)، فخر زمان (خیبرپختونخوا)، حارث سہیل (بلوچستان)، محمد حسنین (سندھ)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، امام الحق (بلوچستان)، محمد عامر (ناردرن)، محمد نواز( ناردرن)، محمد رضوان (خیبرپختونخوا)، شاداب خان (ناردرن)، عثمان خان شنواری (خیبرپختونخوا) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب)۔



شیڈول:
27 ستمبر: پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
29 ستمبر: دوسرا ایک روزہ میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
2 اکتوبر: تیسرا ایک روزہ میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
5 اکتوبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
7 اکتوبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
9 اکتوبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 13:07:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :