سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان مقرر،سری لنکا کیخلاف ایک روزہ

سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان عابدعلی، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز اور عثمان خان شنواری کی واپسی،ایک روزہ میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے کمر کے درد میں مبتلا فاسٹ بالر حسن علی کو ٹیم سے باہر ، فاسٹ بالر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا تجربے کے ساتھ قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کا بھی باعث بنے گا،مصباح الحق )دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ 27ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی ، پہلا ٹی ٹو ئنٹی میچ پانچ اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 20:44

سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان مقرر،سری لنکا کیخلاف ایک روزہ
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے،3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی میں جاری رہے گی۔قومی ٹیم میں 5 کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے عابد علی، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان اور عثمان خان شنواری کو قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

کمر کے درد میں مبتلا فاسٹ بالر حسن علی کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ فاسٹ بالر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا اعلان سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران کیا جائے گا۔ اس دوران ممکنہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی اکیڈمی کوچز کی زیر نگرانی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین سے طویل مشاورت کے بعد سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ رواں سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کو 50 اوورز پر مشتمل فارمیٹ میں یہ 3 ایک روزہ میچز ہی کھیلنے ہیں، کوشش ہے کھلاڑی اس طرز کی کرکٹ سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران مجھے اندازہ ہے کہ کوئی میچ آسان ہوتا ہے اور نہ کوئی حریف۔ مگر سیزن کے آغاز میں جیت بہت اہم ہوتی ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا تجربے کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کا بھی باعث بنے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں کم بیک کرنے والے پانچوں کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین افتخار احمد آف اسپن بالنگ بھی کرسکتے ہیں جو کہ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی اکثریت رکھنے والی سری لنکا کرکٹ ٹیم کے خلاف کپتان سرفراز احمد کے لیے کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ محمد نواز ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عابد علی، محمد رضوان اور عثمان شنواری بدقسمتی سے آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے تھے۔

مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کھلاڑیوں کے لیے مثبت کارکردگی دکھا کر قومی کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن بننے کا سبب بن سکتی ہے۔16 رکنی قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان) (سندھ)، بابراعظم (نائب کپتان) (سنٹرل پنجاب)، عابد علی (سندھ)، آصف علی (ناردرن)، فخر زمان (خیبرپختونخوا)، حارث سہیل (بلوچستان)، محمد حسنین (سندھ)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، امام الحق (بلوچستان)، محمد عامر (ناردرن)، محمد نواز( ناردرن)، محمد رضوان (خیبرپختونخوا)، شاداب خان (ناردرن)، عثمان خان شنواری (خیبرپختونخوا) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب) شامل ہیں شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ 27ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا دوسرا میچ 29ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ تیراہ میچ 2اکتوبر کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹو ئنٹی میچ پانچ اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور ، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 7اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم ، تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور نو اکتوبر کو کھیلا جائیگا ۔
وقت اشاعت : 21/09/2019 - 20:44:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :