وزیراعظم عمران خان کو ہاتھوں سے بنا کھانا کھلانےکی خواہش ہے: ایگزیکٹو شیف پی سی بی کاظم حسین

شعیب ملک کو کھانے میں پاستا پسندہے، امام الحق خوراک کے انتخاب میں محتاط رہتے ہیں:انٹر ویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 22 ستمبر 2019 20:33

وزیراعظم عمران خان کو ہاتھوں سے بنا کھانا کھلانےکی خواہش ہے: ایگزیکٹو شیف پی سی بی کاظم حسین
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22ستمبر2019ء) قذافی سٹیڈیم سے متصل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ 13 سال سے بطور ایگزیکٹو شیف ذمہ داریاں نبھانے والے کاظم حسین کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔زندہ دلان لاہور تو کھانے کے شوقین ہیں مگر کاظم حسین کھانا بنانے کے بھی ماہرہیں۔ کاظم حسین کویہ شوق اپنی والدہ کو کھانا پکاتے دیکھ کر پیدا ہوا۔ 58سالہ کاظم حسین زمانہ طالب علمی میں کالج سے واپسی پر کھانا بنانے میں والدہ کا ہاتھ بٹاتے تھے۔

شوق بڑھنے لگا تو مختلف کورسز کیے اور 1993ءمیں بطور شیف باقاعدہ ملازمت کا آغاز کردیا۔ہوم سیریز کے دوران نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کرنےوالے قومی کرکٹرز کی اکثریت کاظم حسین کے ہاتھ سے بنے پکوان کی فرمائش کرتی ہے۔ایگزیکٹو شیف پی سی بی کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے،انکی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتاہے، شعیب ملک این سی اے میں تیار پکوان کے معترف ہیں۔

(جاری ہے)

کاظم حسین نے کہا کہ این سی اے میں موجود غیرملکی کوچز کے لیے ان کی فرمائش پر بھی مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں، عام طور پر وہ لزانیہ اور پاستا کھانے کے شوقین ہوتے ہیں،کاظم حسین نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کےلئے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاءکی خاص مقدار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔کاظم حسین نے کہا کہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں تاہم امام الحق اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں،قومی اوپنر دوپہر کے کھانے میں پھل اور دہی پرہی اکتفاءکرتے ہیں۔

کاظم حسین نے کہاکہ وہ انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکا ہیں مگر انکی خواہش وزیراعظم عمران خان کواپنے ہاتھ سے تیارپکوان پیش کرنےکی ہے، پیٹرن ان چیف پی سی بی کو کھانے کھلانےکی خواہش ہمیشہ رہے گی۔
وقت اشاعت : 22/09/2019 - 20:33:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :