ڈی کاک کی 79 رنز کی جارحانہ اننگز، جنوبی افریقہ نے بھارت کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم

اتوار ستمبر 21:55

بنگلورو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) جنوبی افریقہ نے بھارت کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی، فاتح ٹیم نے 135 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں محض 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ڈی کاک نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔

اتوار کو بنگلور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، پروٹیز بائولرز کی عمدہ لائن و لینتھ بائولنگ کے سامنے بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شیکھر دھون 36 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، روہت شرما اور ویرات کوہلی 9، 9، ریشبھ پانٹ 19، شیریاس آئر 5، ہرڈک پانڈیا 14، کرونل پانڈیا 4، روندرا جدیجا 19 اور واشنگٹن سندر 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کگیسوربادا نے 3، بیورن ہینڈرکس اور بوجورن فورٹوئن نے 2، 2 اور تبریز شمسی نے 1 وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کیا۔ کپتان کوئنٹن ڈی کاک اور ریزا ہینڈرکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کا آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، ہینڈرکس 28 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے لیکن ڈی کاک ڈٹے رہے، انہوں نے ٹیمبا باووما کے ساتھ مل کر حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی اور دوسری وکٹ میں 64 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی، کاک 79 اور باووما 27 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ہرڈک پانڈیا نے ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 22/09/2019 - 21:55:13

Your Thoughts and Comments