چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے چین میں شروع ہوگا

پیر 23 ستمبر 2019 11:20

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے چین میں شروع ہوگا، یہ (اے ٹی پی) مینز سنگلز کا 21 واں جبکہ (ڈبلیو ٹی ای) ویمنز سنگلز کا 23 واں ایڈیشن ہوگا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور مرد اور خواتین کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگے۔

ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز سنگلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مینز سنگلز میں جارجیا کے نکولز باسیلا شویلی، ویمنز سنگلز ایونٹ میں ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی ٹائٹل کا دفاع کرینگے اسی طرح مینز ڈبلز میں پولینڈ کے لیوکاس کیوبوٹ اور انکے برزیلین جوڑی دار مارسیلو میلو اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی ہلاواکووا اور انکی ہم وطن جوڑی دار سٹرائیکووا اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔

ہارڈ کورٹ پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں اے ٹی پی ایونٹس کے لئے 36 لاکھ 66 ہزار جبکہ ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کیلئے 82 لاکھ 85 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، ایونٹ 7 روز جاری رہنے کے بعد 6 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
وقت اشاعت : 23/09/2019 - 11:20:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :