سری لنکا کی آمد کے ساتھ ہی اگلے چند دنوں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں، پی سی بی حکام

عمران خان کے وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر فائز ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی، تقریباً ایک دہائی بعد کسی دوسرے ملک کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر آ رہی ہے ، یہ ملک میں امن و امان کی بحالی پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے ، قومی حلقوں کی جانب سے مسرت کا اظہار

پیر 23 ستمبر 2019 19:34

سری لنکا کی آمد کے ساتھ ہی اگلے چند دنوں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں، پی سی بی حکام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) ماضی کے سپر سٹار کرکٹر عمران خان کے وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر فائز ہونے کی وجہ سے تقریباً ایک دہائی بعد کسی دوسرے ملک کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پر آ رہی ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہونے اور ملک میں امن و امان کی بحالی پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے جس پر قومی حلقوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ذمہ دار نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کی آمد کے ساتھ ہی اگلے چند دنوں میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہان بھی پاکستان آ رہے ہیں جس کے بعد ان دونوں ممالک کی ٹیموں کی بھی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہو گی۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق عمران خان کے وزیراعظم بننے کے نتیجہ میں جس طرح دیگر کئی عالمی سیاسی و مالیاتی اداروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اسی طرح سپورٹس کی دنیا میں بھی پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور مارچ 2009ء کے بعد اب تقریباً ساڑھے 10 سال بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے ہمارے کرکٹ گرائونڈز بھی آباد ہوں گے اور شائقین کرکٹ اپنے قومی سٹارز کو اپنے گرائونڈز پر رنز بناتے اور وکٹیں حاصل کرتا دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

ماضی کی حکومتیں اور کرکٹ بورڈ کے سربراہان نے بہت کوشش کی لیکن کسی دوسرے ملک کی ٹیم نے دورہ پاکستان کی حامی نہیں بھری لیکن اب سری لنکن ٹیم کی آمد اور کرکٹ کے دو بڑے پنڈتوں کے بورڈز سربراہان کی آمد موجودہ حکومت پر دیگر ممالک کے اعتماد اور اس حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی واضح دلیل ہے اور قوی امکان ہے کہ ہمارے کرکٹ گرائونڈ اسی طرح پورا سال مصروف اور آباد رہیں گے جیسا کہ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملہ سے پہلے آباد تھے۔ عوامی حلقوں خصوصاً کرکٹ شائقین نے اسے عمران خان حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے بہت خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
وقت اشاعت : 23/09/2019 - 19:34:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :