قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا

خیبرپختونخوا کے ثاقب جمیل اور سلمان خان جونیئر کی نصف سنچریاں، سندھ کے خلاف سنٹرل پنجاب کے ا سپنر فرخ وقاص کے 4 شکار

منگل 1 اکتوبر 2019 21:03

قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2019ء) قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راوٴنڈ کا آغاز ہوگیا ہے۔یکم اکتوبر بروز منگل سے شروع ہونے والا راوٴنڈ 3 اکتوبر بروزجمعرات تک جاری رہے گا۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان تین روزہ میچ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں شروع ہوگیا ہے۔شہر میں ہونے والی بارش کے باعث پہلے روز کھیل کا آغاز چائے کے وقفے کے بعد ممکن ہوسکا۔

بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دن کے اختتام پر 35 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ مڈل آرڈربیٹسمین ثاقب جمیل 78اور سلمان خان جونیئر 60رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ بلوچستان کے فاسٹ باوٴلرز جہانگیر خان نے 2 اور طارق جمیل نے 1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)


دوسری جانب اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان جاری میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔

شہریار رضوی 40 اور طحٰہ محمود 39 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فرخ وقاص نے 4 اور قاسم اکرم نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔جواب میں سنٹرل پنجاب کا محتاط انداز میں کھیل جاری ہے۔مہمان ٹیم نیدن کے اختتام پر 15.5 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 18 رنز بنالئے ہیں۔
ادھر مظفرآباد میں دن بھر جاری رہنے والی بارش کے باعث ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ شروع نہ ہوسکا۔
وقت اشاعت : 01/10/2019 - 21:03:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :