دیگر ٹیموں سے بھی کہوں گا کہ کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں:تھریمانے

میرا پہلا دورہ پاکستان بہترین رہا:سری لنکن کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 اکتوبر 2019 11:06

دیگر ٹیموں سے بھی کہوں گا کہ کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں:تھریمانے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اکتوبر2019ء) سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ وہ چاہیں گے کہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آکر کرکٹ کھیلیں۔نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں بہت فخر ہے کہ کھلاڑیوں نے آخر تک لڑائی کی،297ا س پچ پراچھا سکور تھا لیکن ہم نے پہلے10،15اوورز میں اپنے باﺅلنگ پلان پر عمل نہیں کیا لیکن مجموعی طور پر اپنی ٹیم پر فخر ہے، شناکا اور شیہان نے دوسرے ون ڈے میں بہترین کھیل پیش کیا تھا اور گنا تھلیکا نے آج اس باﺅلنگ اٹیک کے خلاف سنچری سکور کی جو بہترین ہے ۔

یہ میرا پہلا دورہ پاکستان تھا اور میرا تجربہ بہترین رہا،میں دیگر ٹیموں سے بھی کہوں گا کہ وہ کرکٹ کھیلنے پاکستان آئیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکاکو5وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی ۔ فخر زمان اور عابد علی پر مشتمل گرین شرٹس کی نئی جوڑی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عابد علی نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے 74 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی ، ان کی اننگز میں 10 دلکش چوکے بھی شامل تھے جب کہ فخرزمان نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 76 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم مجموعے میں 31 رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل کے مابین 55 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم آﺅٹ آف فارم کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور 22 رنز پر بولڈ ہوگئے۔حارث سہیل اور افتخار احمدنے چھٹی وکٹ کیلئے43رنز جوڑے اور اس دوران حارث سہیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی،وہ56رنز بنا کر بولڈ ہوئے، افتخار احمد نے وننگ شارٹ کھیلا اور ٹیم کو 10 گیندوں قبل فتح سے ہمکنار کرادیا۔

وہ 28 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے جب کہ وہاب ریاض نے بھی ایک رن بنا کر کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے 2، کمارا، ڈی سلوا اور جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جارہے تیسرے ایک روزہ میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا ۔محمد عامر کی پہلی وکٹ کے بعد گناتھلاکا اور تھریمانے نے 88 رنز کی شراکت داری قائم کی ، پھر محمد نواز نے اپنے پہلے اوور میں تھریمانے کو پویلین واپس بھیج دیا۔

گناتھلاکا اور انجلو پریرا کے بیچ 50 رنز مکمل ہونے کے بعد عثمان شنواری نے پریرا کو آﺅٹ کیا،گناتھلاکا نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 100 گیندوں میں اپنے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کر لی،بھانوکا36رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،شیہان جے سوریا3رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے،گنا تھلیکا 133رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعدمحمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے،ڈی سلوا10رنز بنا کر عامر کا تیسرا شکار بنے جبکہ سندکن بغیر کوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوئے، مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 297 بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز کے ایک ایک وکٹ آئی۔تیسرے میچ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، اوپنر امام الحق کی جگہ عابد علی اور عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا البتہ فاسٹ بولر محمد حسنین کو ون ڈے ڈیبیو کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم اب سری لنکا کو کم سے کم ٹوٹل پر محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔سری لنکن ٹیم کے کپتان لہیرو تھریمانے نے نیشنل سٹیڈیم کی پچ کو بیٹنگ کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی فائنل الیون میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں،سری لنکا نے سدیرا سماراوکراما، اسورو یوڈانا اور اوشادا فرنینڈو کی جگہ منود بھنوکا، لکشن سنداکن اور اینجلو پریرا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے اور میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کیا،سرفراز احمد نے بتایا کہ عماد وسیم کی جگہ محمد نواز اور امام الحق کی جگہ عابد علی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ۔
وقت اشاعت : 03/10/2019 - 11:06:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :