قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کے بعد قومی کرکٹر عابد علی اور محمد رضوان قومی کرکٹ کے پریمیئر ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راوٴنڈمیں شرکت کریں گے۔ ایونٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا آغاز 5 اکتوبر بروز ہفتہ سے ملک کے تین مختلف شہروں میں ہورہا ہے

جمعہ 4 اکتوبر 2019 20:05

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر2019ء) سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کے بعد قومی کرکٹر عابد علی اور محمد رضوان قومی کرکٹ کے پریمیئر ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راوٴنڈمیں شرکت کریں گے۔ ایونٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا آغاز 5 اکتوبر بروز ہفتہ سے ملک کے تین مختلف شہروں میں ہورہا ہے۔
سری لنکا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں 67 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عابد علی نے سندھ کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔

عابد علی نے ایونٹ کے پہلے میچ میں بلوچستان کے خلاف ناقابل شکست 249 رنز اسکور کیے تھے۔
عابد علی کی سندھ کرکٹ ٹیم میں واپسی کے بعد کپتان اسد شفیق کے لیے اوپننگ جوڑی کا انتخاب کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہیں 50.75 کی اوسط سے رنز بنانے والے تجربہ کار خرم منظور اورگذشتہ 3 اننگز میں 244 رنز بنانے والے 20 سالہ نوجوان کرکٹر عمیر بن یوسف میں سے کسی ایک کھلاڑی کو بٹھا کر عابد علی کو ٹیم میں شامل کرنے پر طویل غور درکار ہوگا۔

(جاری ہے)


سدرن پنجاب کی میزبانی کے لیے سندھ کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے واپس ہوم گراوٴنڈ پہنچ چکی ہے۔ دونوں کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ مہمان ٹیم نے فاسٹ باوٴلر محمد عباس کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے ایونٹ کے چوتھے راوٴنڈ میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد عباس نے گذشتہ 2 میچوں میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔


ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ناردرن کے خلاف 176 رنز بنانے والے محمد رضوان نیشنل ڈیوٹی کے بعد ایک بار پھر خیبرپختونخوا کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ خیبرپختونخوا اورسنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اظہر علی کی قیادت میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
اظہر علی، کپتان سنٹرل پنجاب:
سنٹرل پنجاب کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ چوتھے راوٴنڈ کے آغاز سے قبل ٹیم کا مورال بلند ہے۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی ٹیم متوازی ہے اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ ہوگاتاہم سنٹرل پنجاب معیاری کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دے گی۔
تیسرے راوٴنڈ کے اختتام پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز اظہر علی کا کہنا ہیکہ وہ اپنی فارم سے مطمئن ہیں اوروہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

کپتان سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم نے کہاکہ ہم نئے پوائنٹس سسٹم کو پیش نظر رکھ کر میدان میں اترتے ہیں اور کوشش ہے کہ ایونٹ کی کامیاب ترین ٹیم بنیں۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو امید ہے کہ ایبٹ آباد میں جاری غیرمتوقع بارشوں کا سلسلہ رکے گا اور وہ چوتھے راوٴنڈ کے اہم میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان تیسرے راوٴنڈ کے 4 روزہ میچ میں محض 86 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا تھا۔


3 میچوں میں 19 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ چوتھے راوٴنڈ میں ناردرن کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا۔دونوں ٹیمیں کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔ گذشتہ راوٴنڈ میں کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا ناردرن اور سندھ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
سنٹرل پنجاب سے ایک اننگز سے شکست کھانے والی بلوچستان کی ٹیم راولپنڈی میں بہتر کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتی ہے۔ شکست کے باوجود گذشتہ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے بسم اللہ خان سے مہمان ٹیم کو بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
وقت اشاعت : 04/10/2019 - 20:05:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :