پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے اومان ہاکی ٹیم کو آخری میچ میں 0-7 گول سے شکست دیکر سیریز جیت لی

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 20:04

پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے اومان ہاکی ٹیم کو آخری میچ میں 0-7 گول سے شکست دیکر سیریز جیت لی
لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2019ء) پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے اومان ہاکی ٹیم کو چوتھے اور آخری میچ میں 0-7 گول سے شکست دیکر سیریز جیت لی، گورنر پنجاب چو ہد ری محمد سروراختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ، چیئرمین قومی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظور جونیئر بھی موجود تھے، امجد علی خان نے شاندار ہیٹ ٹرک کی۔

چار میچز کی سیریزمیں حصہ لینے کے لئے پاکستان کے دورہ پر آئی اومان ہاکی ٹیم پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کے مدمقابل اپنا چوتھا اور آخری میچ بھی 0-7گول سے ہار گئی۔پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ نے میچ کے آغاز سے ہی کھیل پر اپنی دسترس جما لی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی فارورڈ لائن نے اومان ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پہلے کوارٹر کے اختتام تک تین گول کیے۔ پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ کی جانب نے کھیل کے چوتھے منٹ میں گول سکور کرکے برتری دلائی،ابھرتے ہوئے کھلاڑی فل بیک امجد علی خان نے پینلٹی کارنرز پر ڈریگ فلک کے ذریعہ تین خوبصورت گول کئے جبکہ سمیع اللہ، علی عزیز اور شان ارشاد نے ایک ایک گول سکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ اولمپیئن خواجہ جنید ہیڈ کوچ/مینجر قومی ہاکی ٹیم کی زیر نگرانی اولمپیئن وسیم احمد، اولمپیئن سمیر حسین، اجمل خان لودھی اور رانا ظہیر احمد کررہے تھے جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈاکٹر کے فرائض سید اسد عباس نے سرانجام دیے۔ اولمپیئن ناصر احمد بطور گول کیپنگ کوچ قومی ٹیم اپنے فرائض سرانجام دیے۔اومان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری پاکستان کے مایہ ناز اولمپیئن طاہر زمان سرانجام دے رہے ہیں‘اس میچ کو انٹرنیشل ہاکی ایمپائر بینش حیات اور یاسر خورشید نے سپروائز کیا جبکہ مبشر نے بطور ریزرو ایمپائر فرائض سرانجام دیے۔

ٹورنامنٹ / سیریزآفیسر وحید مرزا تھے جبکہ ججز کے فرائض میاں سہیل اشرف، شاہد گل اور شفقت ملک نے سرانجام دیے۔ اس سیریز کے ڈائریکٹرکے طورپراولمپیئن انجم سعید نے فرائض سرانجام دیے‘پاکستان ، اومان ہاکی سیریز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور تھے۔ سٹیڈیم آمد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھراور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ نے پی ایچ ایف عہدیداران کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب کو سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ معزز مہمان خصوصی کو کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف کے لئے گراؤنڈ میں لے جایا گیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سربراہ پی ایچ ایف برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ ، چیئرمیں قومی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظور جونیئر، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر، رائے عثمان اکبر ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن، میجر( ر)جاوید ارشد منج ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ ایف، اولمپیئن اختر رسول چوہدری سابق صدر پی ایچ ایف،اولمپیئن خواجہ جنید، اولمپیئن طاہر زمان، اولمپیئن سمیر حسین، اولمپیئن وسیم احمد، ڈاکٹر اسد عباس شاہ، اولمپیئن ناصر احمد، ایمپائرز مینجر راشد بٹ، غضنفر اعوان چیف ایگزیکٹو میٹاڈور ، محمد یعقوب انٹرنیشنل، غلام غوث پروگرام ڈویلپمنٹ آفیسر ایشیئن ہاکی فیڈریشن، محمد شفیق بھٹی ایڈمنسٹریٹر جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم سمیت دیگر اولمپین اور انٹرنیشنل کھلاڑی بھی موجود تھے‘تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی گورنر پنجاب نے صدر پی ایچ ایف برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھرکے ہمراہ کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔

میڈٰیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ پاکستان کے لئے یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ انٹرنیشنل ٹیموں نے پاکستان کو کھیلوں کے لئے سازگار ملک قرار دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا اوریہاں دورے پرآئیں، کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی میں بھی انٹرنیشنل سطح پر کھیلوں کے دوروں سے پاکستان کا سافٹ امیچ بہتر ہوگا۔ انہوں نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپیئن آصف باجوہ کو مبارکباد پیش کی اور اس اقدام کو پاکستان ہاکی کے لئے خوش آئند قرار دیا۔
وقت اشاعت : 05/10/2019 - 20:04:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :