پہلا ٹی ٹونٹی، سری لنکا نے پاکستان کو 64رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی

قومی بلے بازوں کا ناقص کھیل،غیر ذمہ درانہ شاٹس کھیل کر آﺅٹ ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 اکتوبر 2019 21:55

پہلا ٹی ٹونٹی، سری لنکا نے پاکستان کو 64رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر2019ء) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 64رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی ۔ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی20 میچ میںسری لنکا کے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا، پانچویں میں گرین شرٹس کے 3 مستند کھلاڑی صرف 22 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، طویل عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل ایک بار پھر شائقین کو مایوس کر گئے، احمد شہزاد 4 اور عمر اکمل صفر پر چلتے بنے جب کہ بابر اعظم 13 رنز پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔

افتخار احمد اور سرفراز احمد نے تیسری وکٹ کیلئے46رنزجوڑے جسکے بعدافتخار رن آﺅٹ ہوگئے،کپتان سرفراز احمد25رنز کی سلو اننگز کھیل کر بولڈ ہوگئے،عماد وسیم بھی صرف 7رنز بنا کر راجیتھا کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،آصف علی بھی صرف6رنز بنا سکے،فہیم اشرف کی اننگز8رنز پر تمام ہوئی،شاداب خان6رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر وکٹ کو بیٹنگ کےلئے سازگار قرار دیتے ہوئے سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

مہمان ٹیم کے اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز کا آغاز فراہم کیا، گناتھلاکا نے 38 گیندوں پر 57 رنز بنائے، انکی باری میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،وہ شاداب خان کا شکار بنے،اوشکا فرنینیڈو33رنز کی باری کھیلنے کے بعد رن آﺅٹ ہوئے،راجا پکسے22گیندوں پر32رنز بنا کر حسنین کے یارکر پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،شناکا17رنز سکور کرکے حسنین کا دوسرا شکار بنے،جے سوریا اگلی ہی گیند پر پوویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی حسنین نے اپنی ہیٹرک مکمل کی ،مہمان ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر165رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 166رنز کا ہدف دیا،گرین شرٹس کی جانب سے محمد حسنین سب سے کامیاب بولر قرار پائے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی ۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد حسنین، عماد وسیم اور آصف علی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے لیکن ہم کم سے کم رنز پر سری لنکن ٹیم کو محدود کرنےکی کوشش کریں گے۔سرفراز نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں اوس پڑےگی جس سے باﺅلنگ مشکل ہو جائےگی اور اسی وجہ سے ہم نے پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو ہرانا آسان نہیں ہو گا کیونکہ وہ ٹی20 میں اچھی کارکردگی دکھانےکا فن جانتے ہیں اور ہم ان شااللہ اپنی اچھی کارکردگی دکھانےکی کوشش کریں گے۔سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے کہا کہ میں یہاں کھیل کر لطف اندوز ہوتا ہوں، ہماری ٹیم اچھے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم پاکستانی ٹیم سے اچھا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

داسن شناکا نے کہا کہ اس وکٹ پر 170 رنز ایک اچھا سکور ہو گا۔میچ کےلئے پاکستانی ٹیم سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، عمر اکمل، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں داسن شناکا(کپتان)، دھنشکار گونا تھیلاکا، آوشکا فرنینڈو، شیہان جے سوریا، بنوکا راجا پکشا، نود بھنوکا، لکشن سنداکن، ایسورو یوڈانا، ونندو ہسارنگا، کاسن رجیتھا اور نوان پرادیپ شامل ہے ۔

وقت اشاعت : 05/10/2019 - 21:55:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :