سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مصباح الحق برس پڑے

ایسی ٹیم سے ہار جس کے اہم کھلاڑی نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، گفتگو

منگل 8 اکتوبر 2019 13:58

سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مصباح الحق برس پڑے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست پر برس پڑے اور کہاہے کہ ایسی ٹیم سے ہار جس کے اہم کھلاڑی نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست پر ہیڈ کوچ نے کہاکہ ہار کبھی اچھی نہیں ہوتی لیکن ایسی ٹیم سے ہار جس کے مین پلیئرز نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم اچھا کھیلی، جس طرح یارکرز سری لنکا نے کیے ہم نہیں کرسکے، بولنگ کے شعبے میں بہت کام کرنا ہے، وقار یونس آئے ہیں، اس پر کام کریں گے۔انہوںنے کہاکہ شاداب خان محنت کررہا ہے لیکن فارم نہ ہونے کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہے، اس کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے کہاکہ 3 برس صبرکیا، ابھی تو میری پہلی سیریز ہے، سب سری لنکا کو کمزور ٹیم کہہ رہے تھے اور ہمیں کہا جارہا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو کھلائیں لیکن اب سب نے نتیجہ دیکھ لیا انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کو کمزور نہیں کہہ سکتے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق بابر اعظم نے رنز نہیں کیے، ہم ایکسپوز نہیں ہوئے، ہم نے دیکھنا ہے کہ صرف ایک بیٹسمین پر انحصار نہیں کرنا، ہم اچھا کررہے تھے لیکن اس سیریزمیں اچھا نہیں کر سکے۔
وقت اشاعت : 08/10/2019 - 13:58:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :