قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

بلوچستان کے اختر شاہ کے 5 شکار، سدرن پنجاب کے اسپنر حارث جاوید خان نے 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

بدھ 9 اکتوبر 2019 21:14

قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2019ء) جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں 294 رنز کے جواب میں ناردرن نے حسن عابد، عبدالفصیح اورزیاد خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر بلوچستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 12 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم نے میچ کے دوسرے روز 29 اسکور سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوپنرزحسن عابد نے 66 اور عبدالفصیح نے 59 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔

زیاد خان نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔بلوچستان کی جانب سے اختر شاہ نے 5 کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔کھیل کے دوسرے روز بلوچستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کردیا ہے۔ عبدالواحد 6 اور حسیب اللہ 1 رنز سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)


دوسری جانب ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں 227 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 176 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔اسپنرحارث جاوید خان نے 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل میچ کے دوسرے روز سندھ نے 3 اسکور بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کیا تو کوئی بھی کھلاڑی اسپنر حارث جاوید خان کی گھومتی گیندوں کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور 54 اوورز میں پوری ٹیم آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ سندھ کی جانب سے محمد طحہٰ 33 رنز اسکور کرکے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ حارث جاوید خان نے 37 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

دوسری اننگز میں سدرن پنجاب کے بلے بازوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دن کے اختتام پر سدرن پنجاب نے 56 رنز بنائے ہیں اور اس کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ سندھ کی جانب سے عامر علی دوسری ا ننگز میں اب تک 5 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کرچکے ہیں۔
ادھر اتفاق گراوٴنڈ لاہور میں جاری میچ میں خیبرپختونخوا نے251 رنز کے جواب میں 286 رنز بنائے۔ حارث خان نے 94 رنز کی اننگز کی کھیلی۔

میچ کے دوسرے روزخیبرپختونخوا نے 1 وکٹ کے نقصان پر 30 کے مجموعی اسکور سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو حارث خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔نوجوان بلے باز نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان خان جونیئر نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔ سعد بن اطہر نے 4 اور عمر ایمان نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنالیے ہیں۔ محمد حریرہ 55 اور سعد بن اطہر 33 کے انفرادی اسکور سے میچ کے آخری روز کھیل کا آغاز کریں گے۔
وقت اشاعت : 09/10/2019 - 21:14:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :