قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کی نظروں کے محور کھلاڑی

ایونٹ 13 سے 24 اکتوبر تک فیصل آباد میں جاری رہے گا

جمعہ 11 اکتوبر 2019 17:08

قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کی نظروں کے محور کھلاڑی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2019ء) قومی ٹی ٹونٹی کپ نوجوان کھلاڑیوں کو نومبر کے اوائل میں آسٹریلیا کیخلاف شیڈول تین میچوں سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ڈرافٹنگ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔
قائداعظم ٹرافی کی طرح 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والا قومی ٹی ٹونٹی کپ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔


ایونٹ میں شریک مندرجہ ذیل کھلاڑی شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز رہیں گے:
عادل امین ، خیبرپختونخوا:
28 سالہ آلراوٴنڈر نے حالیہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بیٹنگ اور باوٴلنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عادل امین نے قائداعظم ٹرافی میں 70.33 کی اوسط سے 211 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

4 اننگز میں 3 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے آلراوٴنڈر نے ایونٹ کے پہلے مرحلے کے دوران ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو بھی آوٴٹ کیا۔


عادل امین کی خصوصیت اننگز کے وسط میں اپنی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دینا ہے۔ خیبرپختونخوا کے اوپنرز فخرزمان اور صاحبزادہ فرحان کے بعد مڈل آرڈر میں انہیں کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کاساتھ دستیاب ہوگا۔
گذشتہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں عادل امین نے فاٹا کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 اننگز میں 105 کے اسٹرائیک ریٹ سے 147 رنز اسکور کیے تھے۔

مجموعی طور پر آلراوٴنڈر اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کے دوران 42 میچوں میں111 کی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 794 رنز بناچکے ہیں۔
نسیم شاہ، سنٹرل پنجاب:
16 سالہ فاسٹ باوٴلر نسیم شاہ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شیڈول قومی ٹی ٹونٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں اب تک اپنے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کے منتظر نسیم شاہ اپنی تیز رفتار باوٴلنگ کے باعث اتوار سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔


پی سی بی انڈر 16 ڈویلمپنٹ پروگرام کی دریافت نسیم شاہ نے قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔انہوں نے 3 میچوں میں 26 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیابتدائی اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ باوٴلرانجری کی باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے تاہم 16 سالہ فاسٹ باوٴلر نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف قومی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔


نسیم شاہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے 2میچوں میں بھی 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
احسان علی، سندھ:
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے خود کو بہترین ٹاپ آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے منوانے والے احسان علی کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کی سیکنڈ الیون سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔


25 سالہ کرکٹر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن کی 8 اننگز میں130 سے زائداسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 178 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔
احسان علی نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے آخری تین روزہ میچ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف سنچری اسکور کرچکے ہیں۔
حارث روٴف، ناردرن:
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں فاسٹ باوٴلر حارث روٴف نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں تیز رفتار باوٴلنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو روایتی حریف کیخلاف میچ میں کامیابی دلائی تھی۔

10 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کرنے والے حارث روٴف نیپاکستان کپ کے 4 میچوں میں بھی 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ حارث روٴف کا پہلا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کپ ہوگا۔اس سے قبل نوجوان فاسٹ باوٴلر قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے کے 2 میچوں کی 3اننگز میں6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
حارث روٴف ڈومیسٹک سیزن سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایمرجنگ کیمپ کا حصہ رہ چکے ہیں۔


عامر یامین، سدرن پنجاب:
29 سالہ آلراوٴنڈر عامر یامین پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کرچکے ہیں۔ آلراوٴنڈر نے نومبر 2015 میں اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی گیند پر انگلینڈ کے جارحانہ مزاج بلے باز جیسن رائے کوآوٴٹ کیا تھا۔انہوں نے اپنا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جنوری 2018 میں کھیلا۔
قائداعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب فرسٹ الیون ٹیم کی نمائندگی کے دوران عامر یامین بھرپور فارم میں ہیں۔

سندھ کے خلاف 142 رنز کی شاندار اننگز کے بعد 57 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے عامر یامین نیسدرن پنجاب کی ایونٹ میں تاحال واحد جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
عامر یامین نے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 72 سے زائد اوسط کے ساتھ 291 رنز اسکور کیے۔نوجوان آلراوٴنڈر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

وہ اب تک اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں 51 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
رواں سیزن میں عامر یامین اپنی بیٹنگ اوسط کو بہتر کرنے کے خواہشمند ہیں۔ کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں وہ 17 کی اوسط سے رنز بنارہے ہیں۔
عماد بٹ، بلوچستان:
اننگز کے اختتامی 10 اوورز میں بہترین باوٴلنگ کرنے والے عماد بٹ بلوچستان کی جانب سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا محور ہوں گے۔

تاحال 29 ٹی ٹونٹی میچوں میں وہ 19 کی اوسط سے39وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر عماد بٹ بیٹنگ میں بھی نمایاں صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے آلراوٴنڈر نے آخری نصف سنچری قائداعظم ٹرافی 20-2019کے دوسرے راوٴنڈ میں سدرن پنجاب کے خلاف اسکور کی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں آلراوٴنڈر عماد بٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔
عمر گل جیسے تجربہ کار فاسٹ باوٴلر کی موجودگی میں عماد بٹ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا ارادرہ رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/10/2019 - 17:08:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :