پی سی بی نے اظہر علی کو قومی ٹیم کا نیا کپتان بنانے کیلئے مشاورت شروع کر دی

دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز احمد کے متبادل کیلئے چئیرمین احسان مانی اگلے ہفتے باقاعدہ اعلان کریں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 اکتوبر 2019 22:16

پی سی بی نے اظہر علی کو قومی ٹیم کا نیا کپتان بنانے کیلئے مشاورت شروع کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2019ء) پی سی بی نے اظہر علی کو قومی ٹیم کا نیا کپتان بنانے کیلئے مشاورت شروع کر دی، دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز احمد کے متبادل کیلئے چئیرمین احسان مانی اگلے ہفتے باقاعدہ اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اظہر علی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں چئیرمین پی سی بی اگلے ہفتے دیگر حکام کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ چیئر مین پی سی بی اگلے ہفتے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے کپتان کے نام کا اعلان کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے۔ جبکہ سری لنکا کے خلاف ذلت آمیز شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل اختتام پذیر ہونے والی سیریز میں نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو سری لنکا کی کمزور ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں باآسانی شکست دے دی۔ان نتائج پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے سخت مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ سرفراز احمد دباؤ کا شکار ہیں تاہم یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ بابر اعظم ابھی اس منصب کو سنبھالنے کے حوالے سے ذہنی طور پر تیار نہیں۔

بابر اعظم کی بھی سیریز میں کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں تھی جو نائب کپتان ہونے کے باوجود تین میچوں کے دوران صرف 43 رنز ہی بنا پائے۔سرفراز احمد بھی تین میچوں میں 24، 26 اور 17 رنز ہی اسکور کر پائے اور ان سے پاکستانی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔پاکستانی کپتان کی کافی عرصے سے فارم خراب ہے کئی کرکٹنگ حلقوں نے ٹیم میں ان کی جگہ پر ہی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق کی خواہش ہے کہ ٹیم کا کپتان مستقبل بنیادوں پر بنایا جائے تاہم سرفراز کی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی بورڈ کو ایسا قدم اٹھانے سے دور رکھ رہی ہے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہی تو کپتانی بابر اعظم کے سپرد کردی جائے گی۔
وقت اشاعت : 11/10/2019 - 22:16:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :