آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 19:44

آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیمیں آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے فائنل میں پہنچ گئیں، پہلے سیمی فائنل میں ڈسٹرکٹ ملیر کو 1-6 گول اور دوسرے سیمی فائنل میں سندھ پولیس کو 2-4 گول سے شلست دے دی، شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر پہلے سیمی فائنل میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے فہیم خان اور دوسرے سیمی فائنل میں ڈسٹرک ایسٹ کے گول کیپر عون علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے تعاون سے اولمپین حنیف خان/ڈاکٹرجنید علی شاہ سپورٹس کمپیلکس کراچی میں منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں ہفتہ کو دو سیمی فائنل کھیلے گئے۔ پہلا سیمی فائنل ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ملیر کے مابین کھیلا گیا جو کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل نے 1-6 گول سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے فہیم خان نے کھیل کے 34ویں منٹ میں پینلٹی سٹروک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کھیل کے 37ویں منٹ میں انہوں نے پینلٹی کارنر پر دوسرا گول سکور کیا جبکہ 54ویں منٹ میں ندیم اکرم نے پینلٹی کارنر پر گول سکور کیا۔

کھیل کے 41ویں منٹ میں روحیل ، 47ویں منٹ میں فضیل خان، 52ویں منٹ میں نائب کپتان شاہ زیب خان نے گول سکور کئے جبکہ ڈسٹرکٹ ملیر کی جانب سے واحد گول 58ویں منٹ میں کپتان ارسلان حیدر نے سکور کیا۔ اس میچ کو ایمپائرز غفران اور عرفان طاہر نے سپروائز کیا۔ لیگ کا دوسرا سیمی فائنل سندھ پولیس اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مابین کھیلا گیا جوکہ ڈسٹڑکٹ ایسٹ نے 2-4 گول سے جیت لیا اور فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

میچ کا آغاز جارحانہ انداز سے ہوا، دونوں ٹیموں نے ایکدوسرے پر سبقت لے جانے کی بھرپور کوشش کی۔ میچ کے 12ویں منٹ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے وائس کپتان انس نے فیلڈ گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، طحہ رضا نے کھیل کے 33ویں منٹ اور 49ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اس برتری کو مستحکم بنایا، کھیل کے 36ویں منٹ میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے کھلاڑی شان نے سکور کیا۔

سندھ پولیس کی جانب سے 41ویں منٹ میں حماد احمد نے پینلٹی سٹروک پر گول سکور کیا اور دوسرا گول محمد دانیال نے کھیل کے 58ویں منٹ میں سکور کیا۔ اس میچ کو ایمپائرز سبطین رضا اور عمران خان نے سپروائز کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ایسٹ زون عامر احمد فاروقی تھے۔ ان کے ہمراہ مینجمنگ ڈائریکٹر ہائی کیو فارماسوٹیکل کمپنی عاطف اقبال تھے۔ معزز مہمانان گرامی کا سٹیڈیم آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مہمانان گرامی کا کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف بھی کرایا گیا۔ دونوں سیمی فائنلز کے مین آف دی میچ فہیم خان اور عون علی نے مہمان خصوصی سے کیش ایوارڈ بھی وصول کیا۔ ایونٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 12/10/2019 - 19:44:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :