جاوید میانداد کی فیصل اقبال کو بیٹنگ کوچ بنانے کی تجویز

مصباح الحق کی دہری ذمہ داریاں اضافی بوجھ،سپورٹ سٹاف کی مدد چاہیے :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 اکتوبر 2019 16:02

جاوید میانداد کی فیصل اقبال کو بیٹنگ کوچ بنانے کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اکتوبر 2019ء) جاوید میانداد نے مصباح الحق کی دہری ذمہ داریوں کو اضافی بوجھ قرار دیدیا۔ٹی ٹونٹی سیریز میں سری لنکا سے کلین سویپ پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہاکہ پاکستان کو بیٹنگ کوچ کی اشد ضرورت ہے، پی سی بی نے مصباح الحق کو تینوں فارمیٹ کا کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کر کے اضافی بوجھ ڈال دیا ہے، حقیقت پسندی سے کام لیتے ہوئے کسی بیٹنگ کوچ کا تقرر کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل اقبال نے انگلینڈ سے کوچنگ کورس کیا ہے اور اس عہدے کیلئے موزوں ترین امیدوار تھے لیکن شاید میرے ساتھ رشتہ ہونے کی وجہ سے بورڈ نے ان کو ذمہ داری سونپنے سے گریز کیا۔جاوید میانداد نے کہا کہ جب کوئی قومی ٹیم میں آتا ہے تو اس کی عادات پختہ ہو چکی ہوتی ہیں جنھیں تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوتا، ریجنل سطح پر ہی کرکٹرز کی مہارت کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا جا سکتا ہے، اس مقصد کیلئے سابق عظیم کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنا چاہیں۔

(جاری ہے)

میانداد نے کہا کہ جب انضمام الحق اور دیگر نوجوان کھلاڑی قومی ٹیم میں آئے تو تکنیک بہتر بنانے کیلئے میں نے خود ان کی رہنمائی کی، بنیادی چیزوں کے بارے میں سیکھ کر ہی وہ بعد ازاں عظیم کرکٹرز بنے، انھوں نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین ذہنی طور پر بڑے سکور کیلئے تیار نہیں ہوتے اسی لیے چھوٹے اہداف حاصل کرتے ہوئے بھی بڑی مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا سے سیریز کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے میرٹ اور فٹنس کو پیش نظر رکھنا چاہیے، قومی ٹیم کی قیادت کیلئے فی الحال سرفرازاحمد کا کوئی متبادل نہیں لیکن ان کو اپنی بیٹنگ میں بہتری لانا ہوگی۔
وقت اشاعت : 14/10/2019 - 16:02:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :