آئی سی سی نے زمبابوے اور نیپال کی کرکٹ ٹیموں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

دونوں ممالک کی ٹیموں پر ان کے کرکٹ بورڈ میں حکومتی و سیاسی مداخلت کے باعث پابندی عائد کی گئی تھی

muhammad ali محمد علی پیر 14 اکتوبر 2019 23:19

آئی سی سی نے زمبابوے اور نیپال کی کرکٹ ٹیموں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) آئی سی سی نے زمبابوے اور نیپال کی کرکٹ ٹیموں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا، دونوں ممالک کی ٹیموں پر ان کے کرکٹ بورڈ میں حکومتی و سیاسی مداخلت کے باعث پابندی عائد کی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے اور نیپال پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ پیر کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیئرمین ششانک منوہر سے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیگٹو مینو شیوینی، چیئرمین تیونگووا مکھلانی اور زمبابوے سپورٹس منسٹر کرسٹی کوینٹری کی ملاقات کے بعد زمبابوے کرکٹ پر عائد پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے اس فیصلے کے بعد زمبابوے آئندہ سال جنوری میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کا اہل ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ زمبابوے کو رواں سال حکومتی مداخلت پر معطل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب نیپال کو بھی بطور آئی سی سی رکن بحال کر دیا گیا ہے۔ نیپال کرکٹ بورڈ کی رکنیت بھی حکومتی مداخلت پر 2016 میں معطل کی گئی تھی۔ آئی سی سی کے موجودہ قوانین کے مطابق دنیا کے کسی بھی ملک کے کرکٹ بورڈ کو اپنے معاملات میں ہر طرح کی سیاسی و حکومتی مداخلت ختم کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔

اگر کوئی کرکٹ بورڈ اپنے معاملات میں سیاسی اور حکومتی مداخلت ختم کرنے میں ناکام رہتا ہے، تو اس صورت میں اسے پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ زمبابوے اور نیپال کے کرکٹ بورڈ بھی اسی باعث پابندی کا شکار بنے، تاہم اب اپنے معاملات بہتر کرنے پر پابندی ختم کروانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
                                                                        
وقت اشاعت : 14/10/2019 - 23:19:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :