مسلسل دوسری شکست کے باعث سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات معدوم

رومانیہ کی 0-5 سے فتح، چین اور برازیل نے کامیابی حاصل کرلی ، بھارت اور پولینڈ کے میچز برابر ہوگئے، رپورٹ

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:37

مسلسل دوسری شکست کے باعث سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات معدوم
کریٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) مسلسل دوسری شکست کے باعث سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے، رومانیہ کی 0-5 سے فتح، چین اور برازیل نے کامیابی حاصل کرلی ، بھارت اور پولینڈ کے میچز برابر ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق رومانیہ نے پاکستان کو 0-5 کی بڑی شکست دے کر گروپ ’ ایچ‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، پاکستان نے 2 میچز کھیلے دونوں میں شکست کھائی جبکہ رومانیہ نے 2 میچوں میں سے ایک میں فتح حاصل کی اور دوسرا ڈرا کیا۔

اس طرح 4 پوائنٹس کے ساتھ رومانیہ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ دفاعی چمپئن جرمنی نے 2 میچز میں سے ایک ڈرا کیا اور ایک میں شکست کھائی اس کا صرف 1 پوائنٹ ہے۔ یونان کے شہر کریٹ میںدی لیژر لیگز اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے رومانیہ اور پاکستان کے درمیان میچ میں رومانیہ کو دوسرے ہی منٹ میں برتری حاصل ہوگئی تھی، جب محمد علی نے ہیڈر کے ذریعے گول کیپر یوسف بٹ کو پاس دینے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے سر کے اوپر سے سیدھی جال میں جا گری اور اس گول کی بدولت رومانیہ کو 1-0 کی برتری مل گئی۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں رومانیہ نے انتہائی برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان ٹیم کو اپنی شارٹ پاسنگ سے مسلسل دباؤ میں رکھا۔محمد علی، شہباب رضا، کریم کیرائے، حبیب الرحمٰن کی لگائی ہوئی کک درست سمت میں نہ جاسکیں۔25ویں منٹ میں پوپا لون، 28ویں منٹ میں ولاد کلاڈیا، 33ویں منٹ میں سیلارو الیگزنڈرا اور 35ویں منٹ میں پیناسکو ایڈارڈ نے پانچواں اور آخری گول اسکور کیا۔

گروپ ’ایچ ‘ میں رومانیہ کے 2 میچوں میں 4 پوائنٹس، ہنگری اور سلووینیا کے ایک ایک میچوں میں 3،3 پوائنٹس جبکہ دفاعی چمپئن جرمنی نے 2 میچوں میں ایک پوائنٹ بنایا ہے۔ایونٹ کے دیگر میچوں میں گروپ ’ایف‘ میں بھارت اور پیرو 2-2 ا ور گروپ سی میں پولینڈ اور ویلز 1-1 گول سے برابر ہوگئے۔گروپ ’جی‘ میں چین نے عراق کو 3-0 اور گروپ ’بی‘ میں برازیل نے ترکی کو 1-0 سے شکست دی۔
وقت اشاعت : 16/10/2019 - 17:37:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :