یوفون خیبرپختونخوا فٹبال ٹورنامنٹ بھرپور جوش و خروش سے جاری، مزید 9 شہروں میں کوالیفائر رائونڈ کا مرحلہ اختتام پذیر

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:37

یوفون خیبرپختونخوا فٹبال ٹورنامنٹ بھرپور جوش و خروش سے جاری، مزید 9 شہروں میں کوالیفائر رائونڈ کا مرحلہ اختتام پذیر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) یوفون خیبرپختونخوا فٹبال ٹورنامنٹ بھرپور جوش و خروش سے جاری ہے اور مزید 9 شہروں سے نتائج سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر کوالیفائر رائونڈ15 شہروں میں مکمل ہوچکا ہے۔ اس سلسلے میں سوات، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، اپر دیر، لوئر دیر، نوشہرہ اور چارسدہ میں بھی شہری سطح کے مقابلوں کا نتیجہ سامنے آگیا ہے جبکہ لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، مانسہرہ، ہری پور اور مالاکنڈ کے نتائج پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔

اگلے ہفتے میں صوابی، مردان، چترال، بنوں، ایبٹ آباد اور پشاور میں مقابلوں کے بعد ان شہروں کی چیمپیئنز ٹیمیں سامنے آئیں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں 21 شہروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار ریجنز ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور اور کوہاٹ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کوالیفائر رائونڈ کے بعد سٹی چیمپیئنز ٹیموں کے اپنے ریجنز میں ایلی منیٹر راؤنڈ منعقد ہوگااور ہر ریجن سے دو ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سپر آٹھ مرحلہ کا حصہ بنیں گی جو 18 نومبر سے پشاور کے طہماس خان فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

شہر کی سطح پر سوات میں مٹہ الیون ایف سی نے اسٹار الیون ایف سی کو سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ مقابلے میں شکست دی۔ یہ میچ مٹہ کینٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جس میں مٹہ الیون ایف سی نے تمام پانچوں پنالٹیز سے گول کرکے سوات کے سٹی ٹائٹل کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ کرک میں لتمبر اکیڈمی ایف سی اور لتمبر کمبائنڈ ایف سی کے درمیان لتمبر اسٹیڈیم میں سخت مقابلہ ہوا۔

دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک گول اسکور کیا تاہم لتمبر اکیڈمی نے چار پنالٹیز پر گول اسکور کرکے کرک کے سٹی ٹائٹل کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ لتمبر اکیڈمی کے وسیم اور لتمبر کمبائنڈ کے جدید نے اپنی ٹیم کے لئے ایک ایک گول کیا۔ اسی طرح کوہاٹ میں ڈی ایف اے ریڈ ایف سی اور ڈی ایف اے گرین ایف سی کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ میچ کے 40 ویں منٹ میں ڈی ایف اے گرین کے شاہ رخ نے پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی تاہم ڈی ایف اے ریڈ کے حارث نے 47 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے میچ برابر کردیا ۔

اس میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں سامنے آیا جس میں ڈی ایف اے گرین نے 5 پنالٹیز پر گول کرکے کوہاٹ کا سٹی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اسی طرح ایف سی گراؤنڈ چکدرہ میں سٹی کوالیفائر کا میچ دیر ٹائیگرز ایف سی اور چکدرہ جونیئرز ایف سی کے درمیان کھیلا گیا جسے دیر ٹائیگرز ایف سی نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔ مزرغفار نے اپنی ٹیم کی طرف سے ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں فیصلہ ساز کردار ادا کیا۔

ان کے ساتھ شیر علی اور حیدر نے بھی اسکور کیا جبکہ چکدرہ جونیئرز کا واحد گول سیف اللہ نے اسکور کیا۔ بونیر میں بونیر اسٹار ایف سی اور بونیر مارخور کے درمیان گدیزی گراؤنڈ میں میچ کھیلا گیا جسے بونیر ایف سی نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ میچ کا واحد گول الیاس نے اسکور کیا۔ ہنگو سٹی ٹائٹل کے مقابلے کے لئے ہنگو الیون اور تھل الیون کے درمیان ہنگو کمپلیکس میں میچ کھیلا گیا جسے ہنگو الیون نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

فاتح ٹیم کے نوید اور اسرار نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایلی منیٹر راؤنڈ تک پہنچا یا۔ اسی طرح چارسدہ کے ولی خان کمپلیکس میں شاہ ایف سی نے ولی خان اکیڈمی ایف سی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کے حسین شاہ اور منور نے گول اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اسی طرح نوشہرہ میں نوشہرہ وائٹ ایف سی اور نوشہرہ ریڈ ایف سی کے درمیان فاروق اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا جو یک طرفہ مقابلہ رہا اور نوشہرہ وائٹ ایف سی نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے یہ میچ باآسانی جیت لیا۔

نوشہرہ وائٹ نے کھیل کے آغاز سے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی ، فاتح ٹیم کے کھلاڑی ایاز نے دو گول اسکور کئے۔ ان کے ساتھی محمد، فرحان اور شکیل نے بھی ایک ایک گول اسکور کیا۔ نوشہرہ ریڈ کا واحد گول عمر فاروق نے اسکور کیا۔ اس کے علاوہ اپر دیر میں ڈی ایف اے اپر دیر اے اور ڈی ایف اے اپر دیر بی کے درمیان اپر دیر اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا جسے ڈی ایف اے اپر دیر اے نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پانچ گول سے جیت لیا۔

ڈی ایف اے اپر دیر اے کے شاہ یوسف جبکہ ڈی ایف اے اپر دیر بی کے احتشام نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ یوفون کے برانڈ ایمبسڈرز اور فٹبال کے اسٹار کھلاڑی جدید خان پٹھان اور ریاض احمد نے اس ٹورنامنٹ کے سلسلے میں مختلف اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے دورے کئے جہاں انہیں نوجوان طالب علموں سے ملنے کا موقع ملا اور انہوں نے ان طالب علموں کو بہترین انداز سے فٹبال کھیلنے کی جدید تکنیک سے آگہی فراہم کی ۔ اس موقع پر یوفون کی ٹیم نے طالب علموں کے لئے دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا جس میں انہیں فٹبال کپ کے یادگاری تحائف جیتنے کا موقع ملا۔
وقت اشاعت : 16/10/2019 - 17:37:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :