نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں آصف علی کی دھواں دھار اننگز احمد شہزاد نے دھندلا دیں

ناردرن ایریاز نے آصف علی کے 10 چھکوں سمیت 93رنز کی بدولت چھ وکٹوں پر 222 رنز کا مجموعہ سکوربورڈ پر سجایا، وسطی پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد ناقابل تسخیرسنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو چار وکٹوں سے فتح دلا کرمرد میدان قرارپائے M جنوبی پنجاب نے بھی خیبر پختونخوا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا، مین آف دی میچ وہاب ریاض کا آل رانڈ کھیل فتح کی ضمانت بن گیا جو تین وکٹوں کے بعد42ناٹ آٹ بنانے میں کامیاب رہے

بدھ 16 اکتوبر 2019 21:45

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں آصف علی کی دھواں دھار اننگز احمد شہزاد نے دھندلا دیں
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں آصف علی کی دھواں دھار اننگز احمد شہزاد نے دھندلا دیں، ناردرن ایریاز نے آصف علی کے 10 چھکوں سمیت 93رنز کی بدولت چھ وکٹوں پر 222 رنز کا مجموعہ سکوربورڈ پر سجایا، وسطی پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد ناقابل تسخیرسنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو چار وکٹوں سے فتح دلا کرمرد میدان قرارپائے۔

جنوبی پنجاب نے بھی خیبر پختونخوا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا، مین آف دی میچ وہاب ریاض کا آل رانڈ کھیل فتح کی ضمانت بن گیا جو تین وکٹوں کے بعد42ناٹ آٹ بنانے میں کامیاب رہے۔ تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پانچویں میچ میں ناردرن ایریاز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی تو ابتدائی تین وکٹیں 59رنز پر گر گئیں جس میں عمر امین ہی 38 رنز بنا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمد نواز اور آصف علی نے 9 اوورزمیں 107رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو چھ وکٹوں پر 222رنز تک پہنچا دیا۔ محمد نواز نے ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 50رنز بنائے لیکن آصف علی کی 35 گیندوں پر چار چوکوں اور دس چھکوں سے مرصع 93 رنز کی اننگز نے شائقین میں جوش بھر دیا۔ کپتان عماد وسیم نے بھی پانچ گیندوں پر 22رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔

فہیم اشرف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں وسطی پنجاب نے ابتدائی چار وکٹیں 83رنز پر گنوا دیں لیکن اوپنر احمد شہزاد اپنی جگہ ڈٹے رہے جنہوں نے 29رنز بنانے والے سعد نسیم کیساتھ 80اور 28رنز سکور کرنیوالے فہیم اشرف کیساتھ 57رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو آخری اوور میں فتح دلا دی۔ احمد شہزاد نے 13چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111رنز بنا کر مرد میدان کا ایوارڈ حاصل کیا، عماد وسیم نے 3وکٹیں گرائیں۔

ایونٹ کے چھٹے میچ میں ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 154 رنز بنائے جس میں خوشدل شاہ پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 45 رنز کا اضافہ کیا۔ وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔جوابی اننگز میں جنوبی پنجاب کی ٹیم صہیب مقصود 24 اور کپتان شان مسعود کے 18 رنز کے باوجود 51 رنز پر پانچ وکٹیں کھو بیٹھی لیکن سیف بدر نے ناقابل شکست 49 اور مین آف دی میچ وہاب ریاض نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 17گیندوں پر ناقابل تسخیر 42 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 19 ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کرا دیا ۔
وقت اشاعت : 16/10/2019 - 21:45:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :