احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ’بہت اوپر‘ کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا: ن لیگی رہنما کا دعویٰ

مصباح الحق نہیں چاہتے تھے کہ یہ دونوں کھیلیں لیکن انہوں نے 32 لاکھ کی نوکری بچانے کیلئے دباؤ قبول کیا: سینیٹر مشاہد اللہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 16 اکتوبر 2019 19:41

احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ’بہت اوپر‘ کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا: ن لیگی رہنما کا دعویٰ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2019ء) ن لیگی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مصباح الحق نہیں چاہتے تھے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد سری لنکا کے خلاف کھیلیں لیکن دونوں کھلاڑیوں کو ’بہت اوپر‘ کی سفارش پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی ٹیم مختلف تھی لیکن انہوں نے 32 لاکھ کی نوکری بچانے کیلئے دباؤ قبول کیا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ احمد شہزاد اورعمراکمل کی ٹیم میں شمولیت سے ٹیم میں بددلی پھیلی، مصباح پر برے اثرات پڑے، سفارش پر کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی وجہ سے پاکستان پرلے درجے کی ٹیم سے تین صفرسے ہارا۔ مشاہد اللہ نے الزام عائد کیا کہ ’کرکٹ کے وفادار ‘ اور ’کرکٹ کے پی ایچ ڈی‘ پاکستان کرکٹ کے نقصان کے ذمے دار ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی تھی۔

احمد شہزاد ایک سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے تھے، انہوں نے آخری بار 13 جون 2018 کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ عمر اکمل کی بھی 3 سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی تھی اور انہوں نے آخری بار 27 ستمبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ مصباح الحق کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں کے رویوں سے مایوس نظر آنے لگے ہیں۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہپاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کے رویوں سے مایوسی کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کھلاڑی ٹریننگ کے دوران جان چھڑانے کے لیے بہانے بازی کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وہاب ریاض، عماد وسیم اور حارث سہیل کے نام لیے جا رہے ہیں ، سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو مایوسی ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ مصباح الحق کو شکوہ ہے کہ کئی کھلاڑی ٹریننگ کے لیے سنجیدہ نہیں اور پلان کے مطابق ٹریننگ بھی نہیں کرتے۔
وقت اشاعت : 16/10/2019 - 19:41:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :