ٹیسٹ قیادت کیلئے سرفراز کی جگہ اظہرعلی اور شان مسعود مضبوط امیدوار

وکٹ کیپر محمد رضوان کو نائب کپتان بنائے جانے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:16

ٹیسٹ قیادت کیلئے سرفراز کی جگہ اظہرعلی اور شان مسعود مضبوط امیدوار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر2019ء) دورہ آسٹریلیا کےلئے سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کےلئے اظہر علی اور شان مسعود مضبوط امیدوار ہیں۔گرین شرٹس کی 27 اکتوبر کو سڈنی روانگی کا پلان ہے، اس دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان3 ٹی ٹونٹی میچز ہوں گے جسکے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ دو ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔

فیصل آباد میں موجود ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق کی سربراہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے اس اہم دورے کےلئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے آسٹریلیا کےخلاف2 ٹیسٹ میچوں کےلئے سرفراز احمد کی جگہ نیا کپتان لانے پر اتفاق کیا ہے،اس فہرست میں اظہر علی کےساتھ شان مسعود بھی شامل ہیں، وکٹ کیپر محمدرضوان کو نائب کپتان کے طورپر گروم کرنےکی پلاننگ ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اظہر علی کو اس عہدے لیے موزوں سمجھتے ہیں تاہم بورڈ کی ایک اعلی شخصیت کے نزدیک مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے شان مسعود کو قیادت سونپنا زیادہ فائدہ مندہوگاتاہم سدرن پنجاب کی کپتانی کرنےوالے شان مسعود کی بطور لیڈر پرفارمنس زیادہ متاثر کن نہیں، انکی ٹیم نے4میچز کھیلے ہیں جس میں صرف 1میں فتح پائی ہے، شان مسعود کا مستقل طورپر ٹیسٹ ٹیم کا رکن نہ ہونا بھی انکے انتخاب میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اس صورتحال میں اظہر علی کو قیادت کا تاج پہنائے جانےکا زیادہ امکان دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب ابھی بور ڈ حکام نے یہ فیصلہ بھی کرنا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا جائے یا نہیں، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹونٹی میں پہلے نمبر پر ضرور ہے تاہم سری لنکا کےخلاف ہوم سیریز میں مایوس کن پرفارمنس نے انکے بطور کپتان مستقبل پر سوالیہ نشان لگا رکھا ہے۔ہیڈکوچ مصباح الحق بھی بطور کپتان سرفراز احمد سے زیادہ خوش نہیں، برطانوی شاہی جوڑے کے دورے لاہور کے بعد پی سی بی حکام ٹیم کے معاملات پر فائنل مشاورت کریں گے۔
وقت اشاعت : 17/10/2019 - 13:16:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :