پاک بھارت کرکٹ سیریز کےلئے مودی اورعمران خان کی اجازت چاہئے :سورو گنگولی

ہر دو طرفہ سیریز کے لئے حکومتی اجازت درکار ہوتی ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:47

پاک بھارت کرکٹ سیریز کےلئے مودی اورعمران خان کی اجازت چاہئے :سورو گنگولی
کولکتہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سورو گنگولی اب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )کی صدارت سنبھالنے کےلئے تیار ہیں۔ سورو گنگولی کے بھارتی کرکٹ بورڈ میں کئی چیلنج منتظر ہیں جس میں سب سے بڑا چیلنج پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز کی بحالی ہے۔ بنگال میں میڈیا سے گفتگو میں سورو گنگولی سے اس متعلق سوال ہوا کہ آپ پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی پر کیا کریں گے تو اس پر سورو گنگولی کا کہنا تھا کہ یہ سوال ان کے بجائے وزیراعظم نریندر مودی سے پوچھا جائے۔

ہر دو طرفہ سیریز کے لئے حکومتی اجازت درکار ہوتی ہے اور پاک بھارت کرکٹ سیریز کےلئے بھی مودی اور پاکستان کے وزیراعظم کی اجازت چاہئے جس کے بغیر یہ سیریز نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی باعث دونوں ممالک کے درمیان سیریز طویل عرصے سے تعطل کا شکار ہیں۔ رواں سال فروری میں پلوامہ حملے اور اگست میں بھارتی حکمومت کی جانب سے جموں و مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کےبعد دونوں ممالک کےدرمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری دوطرفہ سیریز 2012ءمیں بھارت میں کھیلی گئی تھی جس میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی شامل تھے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز کو بارہ سال کا عرصہ ہوچکا ہے۔

وقت اشاعت : 17/10/2019 - 15:47:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :