بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ْبائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے 3 شکار کئے ،اوپنر امام الحق نصف سنچری بنانے میں کامیاب

جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:14

بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی،بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے 3 شکار کئے ،اوپنر امام الحق نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ۔ایونٹ کے پانچویں روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے باؤلرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر امام الحق نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔

بلوچستان کی ٹیم نے 145رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔اس سے قبل بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سدرن پنجاب کے دونوں اوپنرز 2 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

وہ 34 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ٹاپ اسکور رہے تاہم وہاب ریاض نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 144 تک پہنچانے میں مدد دی۔

سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔فاسٹ باؤلر عاکف جاوید نے 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد اصغر نے 2 جبکہ یاسر شاہ اور عماد بٹ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں امام الحق اور اویس ضیاء پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے بلوچستان کی جانب سے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔

امام الحق 51 اور اویس ضیاء 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جس کے بعد کپتان حارث سہیل اور عمران بٹ کے درمیان ناقابل شکست 47 رنز کی شراکت نے بلوچستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔عمران بٹ 28 اور کپتان حارث سہیل 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بلوچستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سدرن پنجاب کی جانب سے اسپنر زاہد محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں جمعہ کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اورخیبرپختونخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
وقت اشاعت : 17/10/2019 - 19:14:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :