سرفراز احمد نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد خاموشی توڑ دی، پیغام جاری کر دیا

پاکستان کی قیادت اعزاز کی بات تھی،اظہر علی اور بابر اعظم کیلئے دعاگو ہوں :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:47

سرفراز احمد نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد خاموشی توڑ دی، پیغام جاری کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کپتانی سے ہٹائے جانے پر موقف بھی سامنے آگیا ،قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت اعزاز کی بات تھی،اظہر علی اور بابر اعظم کیلئے دعاگو ہوں ،سرفراز احمد نے کہا کہ کوچز اور پورے سفر میں ساتھ دینے والے کھلاڑیوں کا شکرگزار ہوں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹادیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کےلئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائےگا تاہم ٹیسٹ میں انکے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے،اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 19-2020 ءکےلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹونٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔ٹی ٹونٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6 ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹونٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔
وقت اشاعت : 18/10/2019 - 13:47:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :