33ویں قومی کھیلوں کے سلسلہ میں مشعل ریلی کل ایبٹ آباد پہنچے گی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:44

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) 33ویں قومی کھیلوں کے سلسلہ میں مشعل ریلی کل 19اکتوبرکو شام چار بجے ایبٹ آباد پہنچے گی۔ کواڈینیٹر قومی کھیل ایبٹ آباد طارق محمود نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشعل کا سفر ملک کے مختلف شہروں کراچی کوئٹہ لاہور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ہوتا ہوا ناراں آئے گا جہاں ایم پی اے سید احمد حسین شاہ استقبالیہ دیں گے اور بعد ازاں کچھ دیر مانسہرہ میں قیام کے بعد ایبٹ آباد کے لئے مشعل کا سفر روانہ ہو جائے گا اور ایبٹ آباد پہنچنے پرمشعل ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ہاکی اولمپئین لالہ فضل الرحمن اور اولمپئین نعیم اختر کے حوالہ کی جائے گی اور جلال بابا آڈیٹوریم میں سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق احمد غنی کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام ڈپٹی کمشنر عامر آفاق اور اعلی حکام اس قافلے کا استقبال کریں گے اور تقریب منعقد کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

طارق محمود نے کہا کہ سپورٹس سے وابستہ تنظیموں کے عہدیداران انٹرنیشنل کھلاڑی اور مقامی کھلاڑی اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شام 4بجے جلال بابا آڈیٹوریم میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ اس تقریب کو کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا قومی کھیل میں تاخیر کی وجہ سے کھلاڑیوں کو تیاری کے لئے مزید وقت مل گیا ہے جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی اور نئے آنے والے ٹیلنٹ کو بھی مواقع ملیں گے ۔
وقت اشاعت : 18/10/2019 - 15:44:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :