سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے فوری بعد ایک ٹوئٹ سے بورڈ تنقید کی زد میں آگیا

پی سی بی ٹویٹر اکاﺅنٹ سے ایک جف ویڈیو میں کھلاڑیوں کو خوشیاں مناتے دکھایا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:51

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے فوری بعد ایک ٹوئٹ سے بورڈ تنقید کی زد میں آگیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے فوری بعد ایک ٹوئٹ سے بورڈ تنقید کی زد میں آگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹادیا ہے جس کے بعد اظہر علی ایک بار پھر ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان مقرر کیے گئے ہیں جبکہ بابراعظم کو ٹی ٹونٹی کی کپتانی سونپی گئی ہے تاہم بورڈ نے ابھی ون ڈے کی ٹیم کے کپتان کا اعلان نہیں کیا۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے تھوڑی دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں شامل ایک جف ویڈیو میں کھلاڑیوں کو خوشیاں مناتے دِکھایا گیا ، اس موقع پر سرفراز احمد بھی ویڈیو میں موجود ہیں جنہیں ٹریننگ سیشن کے دوران ٹیم کا ایک ممبر باہر جانےکا اشارہ کررہا ہے،پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے موقع پر ویڈیو جاری کرنے سے تاثر پیدا ہوا کہ کھلاڑی سرفراز کے جانے کی وجہ سے خوشیاں منارہے ہیں اور ٹیم کا ایک ممبر انہیں باہر جانے کو کہہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس ٹوئٹ پر کرکٹ کے شائقین نے بورڈ پر تنقید کی اور اسے نامناسب قرار دیا۔ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پی سی بی پر تنقید کے بعد بورڈ نے اس ویڈیو کو ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ہٹادیا۔بعد ازاں پی سی بی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک غلطی ہے لیکن اس کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا،پی سی بی حکام نے ٹوئٹ پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال بعد ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا آغاز ہوگا جس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوئی ہے، اسی حوالے سے تمام کرکٹ بورڈز نے ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا البتہ پی سی بی کی جانب سے ویڈیو کی شیئرنگ اور سرفراز کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ٹائمنگ میچ ہونے سے غلط تاثر پیدا ہوا۔
وقت اشاعت : 18/10/2019 - 15:51:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :