آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل معرکہ کے الیکٹرک کراچی کی ایشیاء گھی مل بہاولپور کو 2-0سے شکست

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پنجاب کے شہر لیہ میں جاری آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل معرکہ کے الیکٹرک کراچی نے ایشیاء گھی مل بہاولپور کو 2-0سے شکست دیکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے علی خان کو فائنل کا میچ آف دی میچ قراردیا گیا،ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کے الیکٹرک کے انٹرنیشنل محمد رسول کو قرار دیا گیا۔

لیہ میں جاری آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں کے الیکٹرک کراچی کا ٹکرائو ایشیاء گھی مل بھاولپور سے ہوا۔ جس میں کے الیکٹرک نے اپنے عمدہ کھیل سے ایشیاء گھی کو 2-0سے قابو کرکے ٹرافی کو اپنے شو کیس کی زینت بنالیا۔کھیل کے پہلے ہاف میں کے الیکٹرک کی جانب سے مرتضیٰ حسین نے 35ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کو فائنل میں1-0 کی سبقت دلوادی ۔

(جاری ہے)

ایک گول کے خسارے میں جانے والی ایشیاء گھی مل نے گول برابر کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن گول کیپر جہانگیر اور دفاعی کھلاڑیوں نے ان کو گول کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ وقفے سے پانچ منٹ قبل 40ویں منٹ میں نعمان ڈوڈو نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں2-0 کی برتری دلوادی۔ ہاف ٹائم میں کے الیکٹرک کراچی کی ٹیم 2-0سے جیت رہی تھی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں تیز بارش کے باوجود میچ جاری رہا، لیکن دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

ریفری کی اختتامی وسل پر کے الیکٹرک کراچی کی ٹیم2-0 سے فاتح بن کر ٹرافی کو اپنے نام کرلیا۔ کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لیہ نے انعامات تقسیم کئے۔ فاتح ٹیم کے الیکٹرک کراچی کو وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ رنراپ ٹیم ایشیاء گھی مل بھاولپور کی ٹیم کو50 ہزار روپے ٹرافی کے ہمراہ دیئے گئے۔فائنل کا بہترین پلیئر کے لئے دوہزار روپے کا کیش انعام کے ای کے علی خان کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کے الیکٹرک کراچی کے محمد رسول کو دیا گیا۔
وقت اشاعت : 19/10/2019 - 00:06:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :