کراچی کے ”ڈرپوک“ کرکٹرز اپنے زوال کے خود ذمہ دار : شعیب اختر

سرفراز 2 سال سے مجھے ڈرپوک کپتان لگا، کہتا رہا کہ خود فیصلے کرو اور سامنے آ کر پرفارمنس دکھاﺅ: سابق فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 اکتوبر 2019 11:52

کراچی کے ”ڈرپوک“ کرکٹرز اپنے زوال کے خود ذمہ دار : شعیب اختر
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر2019ء) سابق ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پنجاب نہیں بلکہ کراچی کے ”ڈرپوک“ کرکٹرز خود اپنے زوال کے ذمہ دار ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق شعیب نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ قومی ٹیم میں اب کراچی کا صرف ایک کھلاڑی اسد شفیق ہی باقی رہ گیا وہ بھی بہت ڈرپوک انسان ہے،64 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد جو روٹ،ولیمسن، ویرات کوہلی یا بابر اعظم کے ساتھ اس کا نام آنا چاہیے تھا مگر ایسا نہیں ہوسکاہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک پنجابی کراچی والے لڑکے کو کہہ رہا ہے کہ تگڑے ہوجاﺅ مگر وہ نہیں ہورہا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے ، ہم سرفراز کو صرف سمجھا ہی سکتے تھے کہ مکی آرتھرکی جگہ خود چارج لو، نئے کھلاڑیوں کو موقع دو، بدقسمتی سے سرفراز نے بات نہیں سنی، یہ حالات اس کی اپنی وجہ سے آئے، سرفراز 2 سال سے مجھے ڈرپوک کپتان لگا، میں اسے کہتا رہا کہ خود فیصلے کرو اور سامنے آ کر پرفارمنس دکھاﺅ مگر اس نے بات نہیں مانی جس کا اسے خمیازہ اب بھگتنا پڑا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹادیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کےلئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائےگا تاہم ٹیسٹ میں انکے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے،اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 19-2020 ءکےلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹونٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔

ٹی ٹونٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6 ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹونٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔
وقت اشاعت : 19/10/2019 - 11:52:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :