بھارت کی رانچی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار،

پروٹیز نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 132 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 203 رنز درکار

پیر 21 اکتوبر 2019 18:27

بھارت کی رانچی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار،
رانچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) بھارت کی جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی اور اسے تین میچز کی سیریز کلین سویپ کیلئے 2وکٹیں درکار ہیں، جنوبی افریقہ نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 132 رنز پر 8 وکٹیں گنوا دیں، اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے اسے مزید 203 رنز درکار ہیں، محمد شامی اور امیش یادیو نے مجموعی طور پر پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

پیر کو رانچی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 9 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان فاف ڈوپلیسی گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر امیش یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، زبیر حمزہ اور تیمبا بووما نے چوتھی وکٹ میں 91 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 107 تک پہنچایا، اس موقع پر روندرا جدیجا نے زبیر حمزہ کو 62 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی، اگلے ہی اوور میں تیمبا بووما شہباز ندیم کی گیند پر سٹمپ ہوگئے، انہوں نے 32 رنز بنائے، اس کے بعد جنوبی افریقہ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 335 رنز خسارے کے ساتھ 162 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

امیش یادیو نے تین جبکہ محمد شامی، شہباز ندیم اور روندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے بعد بھی جنوبی افریقن بلے باز بھارتی بائولرز کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 203 رنز درکار ہیں، کوئنٹن ڈی کاک 5، زبیر حمزہ صفر، ڈوپلیسی 4 ، تیمبا بووما صفر، ہینرچ کلازن 5 ، جارج لنڈے 27 ، ڈین پیڈٹ 23 اور کگیسو ربادا 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈین ایلگر کو فٹنس مسائل کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔

تھینس ڈی برائن 30 اور اینرچ نورجے 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد شامی نے تین، امیش یادیو نے دو جبکہ روندرا جدیجا اور ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 21/10/2019 - 18:27:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :