20 واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ

عامر کیبلز نے واہ پاور کو 5 وکٹوں سے ہراکر ریجنل فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پیر 21 اکتوبر 2019 22:07

20 واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام شاہ فیصل کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے گئے 20 ویں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ کے ریجنل سیمی فائنل میچ میں عامر کیبلز نے واہ پاور کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ریجنل فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ واہ پاور نے پہلے کھیلتے ہوئے 28.1 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔

یعقوب مسیح نے 46، بلال سرور 44، عامر صدیق 29 اور خرم شہزاد نے 26 رنز بنائے۔ عامر کیبلز کی طرف سے وقاص احمد نے 4/42، اکبر علی 4/40، ریحان رئوف 1/43 اور جاوید خان نے 1/47 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں عامر کیبلز نے 29.2 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پوراکرلیا۔ا شرف علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 91 رنز ناٹ آئوٹ، دستگیر بٹ 58، وقاص احمد 22 اور افضل شاہ نے 31 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

(جاری ہے)

واہ پاور کی طرف سے راشد لطیف جونیئر نے 2/28، عامر صدیق 2/48 اور بلال سرور نے 1/39 وکٹ حاصل کیں۔ اشرف علی مین آف دی میچ قرار پائے۔ ندیم غوری، محمد آصف امپائر جبکہ محمد اکیان اور قاسم شفیق نے سکورر کے فرائض انجام دیئے۔ میچ کے اختتام پر کمشنر ایف بی آر بہزاد محمود نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اشرف علی کو مین آف دی میچ کا انعام دیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی ، نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ ہمدان نذیر، سی ای او عامر کیبلز عامر الیاس بٹ، محمد سلمان خان، ولید یعقوب اور دیگر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 21/10/2019 - 22:07:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :