ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ

نوویک جوکووچ مینز اور ایشلے بارٹی ویمنز سنگلز میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان، اینڈی مرے کی لمبی چھلانگ 116 درجے ترقی، کائی نیشیکوری کی ایک درجہ ترقی، بیانکا اینڈرسکیو، سیمونا ہالپ اور پیٹر کویٹوا کی ایک ایک درجہ ترقی

منگل 22 اکتوبر 2019 10:25

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازی ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور ٍ16 گرینڈ سلام کے فاتح نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ سابق عالمی نمبر ایک اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے اے ٹی پی انٹیورپ ایونٹ جیتنے کے بعد 116 درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ نئی درجہ بندی کے مطابق 127 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، گزشتہ دو سالوں میں یہ انکی پہلی فتح ہے، ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

خواتین کھلاڑیوں کے سنگلز مقابلوں میں بلیندا بنکک کی تین جبکہ بیانکا اینڈرسکیو، سیمونا ہالپ اور پیٹرا کویٹوا کی ایک ایک درجہ ترقی ہوئی ہے، ایلینا سویٹولینا کی چار اور کیکی برٹنز کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ مینز رینکنگ میں سربین سٹار اور ومبلڈن چیمپئن نوویک جوکووچ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

سپین کے رافیل نڈال دوسرے اور سوئس سٹار راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر ہیں۔ روس کے ڈینیلی میڈویڈوف چوتھے، آسٹریا کے ڈومینک تھیم پانچویں، جرمنی کے الیگزینڈر زویرو چھٹے، یونانی کھلاڑی سٹیفانوس ساتویں نمبر پر ہیں، جاپان کے نیشیکوری ایک درجہ ترقی پاکر نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، روس کے کیرن خچانوف ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں سے نویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ سپین کے بروبرٹو باٹسٹا آگٹ بدستور دسویں نمبر قائم ہیں۔

سابق عالمی نمبر ایک اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے اے ٹی پی انٹیورپ ایونٹ جیتنے کے بعد 116 درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ نئی درجہ بندی کے مطابق 127 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہپ انجری سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے بعد گزشتہ دو سالوں میں یہ انکی پہلی فتح ہے۔ مرے 2006ء سے ٹاپ رینکڈ برطانوی کھلاڑی تھے۔ ادھر ویمنز سنگلز میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی پہلے، جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا دوسرے اور جاپان کی نائومی اوساکا تیسرے نمبر پر بدستور قائم ہیں۔

کینیڈین بیانکا اینڈرسکیو، رومانین سیمونا ہالپ اور جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا کی ایک ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں ہیں، سوئس بلیندا بنکک تین درجے ترقی کے بعد دسویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئیں، یوکرین کی الینا سویٹولینا چار درجے تنزلی کے بعد چوتھے سے آٹھویں نمبر پر چلی گئیں، امریکا کی سرینا ولیمز نویں نمبر پر قائم ہیں، ہالینڈ کی کیکی برٹنز دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں سے دسویں نمبر پر چلی گئیں۔

امریکا کی سوفیا کینن تین درجے ترقی کے بعد 15 ویں سے 12 ویں نمبر پر پہنچ گئیں، امریکا کی ہی میڈیسن کیز ایک درجہ ترقی کے بعد 14ویں سے 13 ویں نمبر پر، بیلاروس کی آریانہ دو درجے ترقی کے بعد 16 ویں سے 14 ویں، کروشیا کی پیٹرا مارٹک دو درجے ترقی کے بعد 17ویں سے 15 ویں پر پہنچ گئیں۔ اسی طرح جرمنی کی انجلیق کربر کی تنزلی کا سلسلہ برقرار ہے اور وہ چار درجے مزید تنزلی کے بعد 13 ویں سے 17 ویں نمبر پر چلی گئیں ہیں۔ روس کی اناستاسیا پائولیچنکووا دس درجے ترقی کے بعد 40 ویں سے 30 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔ امریکا کی وینس ولیمز کی مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باوجود ایک درجہ ترقی ہوئی اور وہ 54 ویں سے 53 ویں نمبر پر پہنچ گئی۔
وقت اشاعت : 22/10/2019 - 10:25:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :