بڑاانسان وہ ہے جو دوسروں کی مددکرتاہے،شاہد آفریدی

منگل 22 اکتوبر 2019 20:53

بڑاانسان وہ ہے جو دوسروں کی مددکرتاہے،شاہد آفریدی
ملتان ۔ 22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کی بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں آمد پر ان کے استقبال کے لئے طلباء وطالبات کا یونیورسٹی کی تاریخ میں سب سے بڑا ہجوم دیکھنے میں آیا۔ بعد ازاں جناح آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بڑا انسان وہ ہے جو دوسروں کی مدد کرتا ہے، سوچ بڑی کریں گے تو اللہ پاک بھی آپ کی مدد کرے گا، آپ سرخرو ہوں گے، اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں ہم نے 14 سکول بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 5 ہزار طلبہ وطالبات پڑھیں گی۔ میں نے پاکستان کے محروم بچوں کے لئے کام کرنا ہے،فائونڈیشن کے ذریعے آپ کی خدمت کرتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں اور میری ٹیم دوسروں کی خدمت کررہی ہے،ہماری بہنیں بیٹیاں پڑھیں گی تو ہمارا ملک ترقی کرے گا جو ہمارے سپانسرز ہیں میں ان کا بے حدممنون ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم ہورہاہے، ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور انشاء اللہ اس میںکامیابی ہوگی،دنیا کا نقشہ اٹھا کر دیکھیں پاکستان سب سے خوبصورت ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سورہ رحمان کی تلاوت کریں اس کا ترجمہ پڑھیں ان میں جن نعمتوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ پاکستان میں موجود ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ ذکریایونیورسٹی نہ صرف جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے بلکہ اس نے بین الصوبائی رابطہ کرکے قومی مرکز کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

یہاں مقامی طلباء و طالبات کے علاوہ بلوچستان ، خیبرپختونخواہ ، فاٹا اور کشمیر کے دور دراز علاقوں کے طلباء طالبات کی علمی آبیاری کی جارہی ہے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ ملک کی سیاسی صورت حال پر گہری نظر رکھتے ہوئے اور کئی کتابوں کے مصنف ہونے کی بناء پر ملک کے روشن مستقبل کے حوالے سے بھرپور یقین رکھتا ہوں۔انہوں نے اس موقع پر شاہد آفریدی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جس طرح کھیل کے میدان میں مثالی شہرت حاصل کی اسی طرح سماجی میدان میں بھی ان سے بڑی توقعات ہیں جن کو وہ قوم کے تعاون سے عملی شکل دینے میںکامیاب ہوں گے۔
وقت اشاعت : 22/10/2019 - 20:53:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :