اماراتی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژادوکٹ کیپر غلام شبیر اچانک ٹیم کو چھوڑ کر غائب ہوگئے

غلام شبیر اس وقت پاکستان میں ہیں اور بالکل محفو ظ ہیں:اماراتی کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 اکتوبر 2019 13:20

اماراتی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژادوکٹ کیپر غلام شبیر اچانک ٹیم کو چھوڑ کر غائب ہوگئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد وکٹ کیپر بلے باز غلام شبیر آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران اچانک ٹیم کو چھوڑ کر غائب ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اماراتی کرکٹ ٹیم پہلے ہی اپنے 4کھلاڑیوں کے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے زیر تفتیش ہونے کے باعث مشکلات کا شکار تھی جب منگل کے روز جرسی کی ٹیم کے خلاف شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل اسے غلام شبیر کی گمشدگی کا صدمہ بھی جھیلنا پڑا۔

اماراتی کرکٹ بورڈ کے مطابق غلام شبیر پلیئر ز میٹنگ سے قبل غائب ہوگئے اور انہیں ڈھونڈنے کی تمام کوششیں ناکام رہیں ، انہوں نے عمان کے خلاف میچ میں امارتی ٹیم کے لیے وکٹ کیپنگ کے فرائض سر انجام دیئے تھے اور جرسی کے خلاف میچ کے لیے محمد بوٹا کو وکٹ کیپر بنانا پڑا ۔

(جاری ہے)

غلا م شبیر کے اچانک ٹیم کو چھوڑ کر غائب ہونے پر کرکٹ حلقوں کو سابق پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز ذوالقر نین حیدر کی یاد آئی جو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران اچانک غائب ہوگئے تھے اور بعد ازاں بکیز کی جانب سے قتل کیے جانے کی دھمکیاں ملنے کے بعد انہوں نے برطانیہ میں سیاسی پناہ لے لی تھی ۔

اماراتی کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل کا کہنا تھا کہ غلا م شبیر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے زیر تفتیش نہیں تھے ، اماراتی کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی کہ غلام شبیر اس وقت پاکستان میں بالکل محفوظ ہیں اور اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جائے گی ۔33سالہ غلام شبیر پنجاب کے علاقے جھنگ میں پیدا ہوئے تھے اور اب تک متحدہ امارات کی کرکٹ ٹیم کے لیے 23ون ڈے اور17ٹی ٹونٹی میچزکھیل چکے ہیں ۔ 
وقت اشاعت : 23/10/2019 - 13:20:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :