فاسٹ باوٴلرحارث روٴف کے آخری اوور نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ناردرن نیفائنل میں رسائی حاصل کرلی

آخری اوور میں خیبرپختونخوا کے 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹے، عثمان شنواری کی 5وکٹیں اور افتخار احمد کی نصف سنچری رائیگاں

بدھ 23 اکتوبر 2019 18:33

فاسٹ باوٴلرحارث روٴف کے آخری اوور نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، ناردرن نیفائنل میں رسائی حاصل کرلی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فاسٹ باوٴلر حارث روٴف کے آخری اوورنے میچ کا پانسہ پلٹ دیا ، آخری 6 گیندوں پر خیبرپختونخوا کی ٹیم محض 4 رنز بناسکی جبکہ اس کے 4 کھلاڑی آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے۔

فاسٹ باوٴلر عثمان شنواری کے 5 شکار اور افتخار احمد کی نصف سنچری بھی خیبرپختونخوا کوکامیابی نہ دلاسکی۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو اوپنر عمر امین کے علاوہ ناردرن کا کوئی بلے باز عثمان خان شنواری کی تباہ کن باوٴلنگ کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

(جاری ہے)

عمر امین کے43 رنز کی بدولت ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ فاسٹ باوٴلر عثمان شنواری نے 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمران خان جونیئرنے 2 جبکہ جنید خان اور مصدق احمد نے 1،1 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
 

149 رنز پر مشتمل ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ رہا اور محض 24 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد افتخار احمداور فخرزمان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑے۔

افتخار احمد نے53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔ اوپنر فخر زمان نے 39 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر 22 رنز بناکر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم فاسٹ باوٴلر حارث روٴف کی تیزرفتار گیندوں کے سامنے خیبرپختونخوا کے کھلاڑی مکمل دباوٴکا شکار نظر آئے اوروقفے وقفے سے آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔

آخری اوور میں آوٴٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد، مصدق احمد، زوہیب خان اورمحسن خان شامل ہیں۔ مقررہ 20 اوورز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 8وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بناسکی۔ ناردرن کی جانب سے حارث روٴف نے 26 رنز کیعوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل تنویر نے 2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔

میچ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر فاسٹ باوٴلر حارث روٴف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


وقت اشاعت : 23/10/2019 - 18:33:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :