کھیلوں کا سفیر بننا میرے لئے اعزاز اور باعث فخر ہے۔ ریسلر انعام بٹ

بدھ 30 اکتوبر 2019 20:01

کھیلوں کا سفیر بننا میرے لئے اعزاز اور باعث فخر ہے۔ ریسلر انعام بٹ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2019ء) قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے ورلڈ بیچ گیمز میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے والے چیمپئین ریسلر محمد انعام بٹ نے کہا ہے کہ ہمیشہ پاکستان کے نام کی سربلندی کیلئے ریسلنگ کے میدان میں لڑا ہوں، میرا ملک میری پہچان ہے۔ بدھ کو یہاں موصولہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او ای) کی جانب سے کھیلوں کا سفیر بننا میرے لئے بہت بڑا اعزاز اور باعث فخر ہے، اس عزت افزائی پر میں پی او اے کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور پوری اولمپک فیملی کا مشکور ہوں، کوشش کروں گا کہ بحیثیت کھیلوں کے سفیر پوری دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج میں اضافے کا باعث بنوں۔

محمد انعام بٹ نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلزجیتنا ملک میں ریسلنگ کے کھیل کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے بہت معاون ثابت ہوگا، اس سے نہ صرف دنیا کھیل میں پاکستان کا مقام بلند ہوتا ہے اور ہمارے ریسلرز کو عالمی سطح پر پرپذیرائی ملتی ہے بلکہ ملک میں ریسلنگ کے کھیل سے وابستہ نوجوانوں میں مزید محنت کرکے ملک کی نمائندگی کا جذبہ بھی پروان چڑھتا ہے جو ان کیلئے مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے میں بہت معاون ثابت ہوتا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے کیئریر کے دوران پی او اے اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی بھرپور سپورٹ حاصل رہی ہے، بیچ گیمز کے فائنل میں اولمپک برانز میڈلسٹ جارجیا کے مارسا داتوکیخلاف فتح زندگی کا یادگار لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کی تیاریاں شروع کردی ہیں، کوشش کروں گا کہ اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کروں گا، میری نظریں اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے اولمپک کوالیفائی رائونڈ اور ورلڈ بیچ سیریز پر مرکوز ہیں، پاکستان کیلئے مزید اعزازات جیتنا چاہتا ہوں، انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انعام بٹ نے اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی اپیل کی کہ ملک کے اعزازات جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی اپنا حقیقی کردار ادا کرنا چاہییے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کیجانب سے ورلڈ بیچ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ محمد انعام بٹ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیفٹنٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے پی او اے کیجانب سے انہیں 5 لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کھیلوں کا سفیر نامزد کیا۔
وقت اشاعت : 30/10/2019 - 20:01:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :