قومی انڈر19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل، سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا

جمعرات 31 اکتوبر 2019 21:08

قومی انڈر19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل، سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2019ء) قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں راؤنڈ مکمل ہو گیا۔ سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا ہے۔ ناظم آباد کراچی میں کھیلا گیا سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ 259 رنز کے تعاقب میں بلوچستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 8 رنز بنائے تھے کہ میچ کیلئے مقررہ وقت ختم ہو گیا۔

اس سے قبل 11 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی پوری ٹیم 247 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر صائم ایوب نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 104 رنز سکور کئے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے بلوچستان کے سپنر محمد جنید نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلی اننگز میں بلوچستان نے سندھ کے 241 رنز کے جواب میں 230 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سندھ کے میڈیم پیسر محمد مکی نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 314 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی۔ دوسری وکٹ کے لیے معاذ صداقت اور سلمان خان جونیئر کے درمیان 98 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

معاذ صداقت 52 اور سلمان خان جونیئر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل 25 رنز کی سبقت سے دوسری اننگزکاآغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اوپنر عبدالفصیح نے 16چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری اسکورکی۔ حسن عابد نے 61 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم ناردرن کے 190 رنز کے جواب میں 165رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
وقت اشاعت : 31/10/2019 - 21:08:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :