سندھ اوربلوچستان کی ٹیمیں قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں

قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ پانچویں راؤنڈ میں سندھ نے بلوچستان کو 4وکٹوں سے شکست دیدی

ہفتہ 2 نومبر 2019 22:11

سندھ اوربلوچستان کی ٹیمیں قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ میں سندھ نے بلوچستان کو 4وکٹوں سے شکست دے دی۔ گذشتہ روز ناظم آباد گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے بلوچستان کی پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد جنید 47رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

سندھ کے فاسٹ باؤلر منیب الرحمٰن نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سندھ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41ویں اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مڈل آرڈر بلے باز طحہٰ محمود نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بلوچستان کو شکست دے کر سندھ کی ٹیم نے ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا نے ناردرن کو49رنز سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

خراب موسم کے باعث میچ کی دونوں اننگز43،43 اوورز تک محدود کردی گئی تھیں۔ رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے خیبرپختونخوا کی ٹیم 267رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سلمان خان جونیئر 55 اور سلمان خان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ناردرن کے اسپنر عاقب لیاقت نے 6کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ناردرن کی ٹیم مقررہ 43 اوورزمیں 6وکٹوں کے نقصان پر218 رنز ہی بناسکی۔

حسان عابد اور زیاد خان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 115 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر کی ناکامی کے باعث ٹیم فتح نہ سمیٹ سکی۔ حسان عابد نے 62 اور زیاد خان نے 54 رنز بنائے۔خیبرپختونخوا کی جانب سے معاذ صداقت نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ادھرسنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت5رنزسے شکست دے دی۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئیسنٹرل پنجاب کی ٹیم 267رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنر محمد حریرہ نی77 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کے اسپنر محبوب احمد نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت سدرن پنجاب کو43.3 اوورز میں جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا گیا تاہم ان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز ہی بناسکی۔ اوپنر باسط علی نے 93 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے علی عمران نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان فائنل 6 نومبر کو رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 02/11/2019 - 22:11:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :