آسٹریلین ٹی 20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ پاکستانی باؤلنگ اٹیک سے خوفزدہ

پاکستانی ٹیم کا باﺅلنگ اٹیک ہر طرح سے بہترین ہے جو مہلت نہیں دے گی، پاکستان کے پاس محمد عرفان کی صورت میں قد، باﺅنس اور رفتار ہے جبکہ محمد عامر کی ناصرف رفتار تیز ہے بلکہ وہ گیند سوئنگ بھی کر سکتے ہیں: ایرون فنچ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 2 نومبر 2019 22:56

آسٹریلین ٹی 20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ پاکستانی باؤلنگ اٹیک سے خوفزدہ
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2نومبر2019ء) آسٹریلین ٹی 20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ پاکستانی باؤلنگ اٹیک سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ آسٹریلوی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا باﺅلنگ اٹیک ہر طرح سے بہترین ہے جو مہلت نہیں دے گی، محمد عرفان کی صورت میں قد، باﺅنس اور رفتار ہے جبکہ محمد عامر کی ناصرف رفتار تیز ہے بلکہ وہ گیند سوئنگ بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی باؤلز وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس وہاب ریاض بھی ہیں جن کی رفتار بہترین تو ہے لیکن اگر وہ صحیح لائن اور لینتھ پر باؤلنگ شروع کر دیں تو انتہائی خطرناک ہو جاتے ہیں۔ محمد حسنین حقیقی فاسٹ باؤلر ہیں جنہیں ہم نے رواں سال کے شروع میں متحدہ عرب امارات میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا، وہ واقعی بہت تیز رفتار گیندباز ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی سپنرز کی تعریف بھی کی اور کہا کہ شاداب خان ایک ورلڈکلاس لیگ سپنر ہیں جو بلے باز کو گھمانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیکن پاکستانی باؤلرز میچ کے دوران سکور بنانے کے مواقع ضرور دیں گے جن کا فائدہ اٹھانا بہت ضروری ہے۔ یہ ایک ٹی 20 میچ ہے اور پہلے 6 اوورز انتہائی ضروری ہیں جن میں پتہ چل جائے گا کہ میچ کس طرف جا رہا ہے۔

دوسری جانب ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے قومی ٹیم کو رینکنگ میں نمبر ون ٹیم برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2015 ءسے انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتا آرہا ہوں، انڈر 19میں کپتانی بھی کی ہے اور کپتانی کے لیے اب بھی تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھتا آرہا ہوں اور کوشش ہوگی جو سیکھا ہے اس پر میدان میں عمل کروں۔

پاک آسٹریلیا سیریز سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے اس لیے اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، یہ سیریز بڑی اہم ہے کیوں کہ آئندہ ورلڈکپ بھی یہاں ہوگا اس لیے اس سیریز سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ یہی ہے کہ پرفارمنس دیں گے تو کسی پر دباﺅنہیں آئے گا، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کے ساتھ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جس سے ٹیم کا اچھا کمبینیشن ہے، عامر اور عرفان کی موجودگی میں ڈیوڈ وارنر کے لیے پلان بنایا ہوا ہے۔
وقت اشاعت : 02/11/2019 - 22:56:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :