بابر اعظم نے زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنےکا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ٹی ٹونٹی کپتان 11ففٹیز بنا چکے ہیں،حفیظ نے10نصف سنچریاں سکور کی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 نومبر 2019 15:13

بابر اعظم نے زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنےکا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3نومبر2019ء) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ 25سالہ بابر اعظم نے آسٹریلیاکے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی مقابلے میں 38گیندوں پر5چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے59ناٹ آﺅٹ رنز سکو ر کیے جو ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 11ویں نصف سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس فارمیٹ میں زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتا ن محمد حفیظ نے اپنے کیریئر میں 86اننگز میں 10ففٹیز بنائیں تھیں جب کہ بابر اعظم نے محض 34اننگز میں 11نصف سنچریاں سکور کی ہیں ۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر احمد شہزاد اور عمر اکمل ہیں جنہوں نے 8،8نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں ، سابق کپتان شعیب ملک نے اب تک ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں7نصف سنچریاں بنائی ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا گیا پہلا میچ بارش کے باعث 15 اوورز تک محدود کردیا گیا اور پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 115 رنز بنائے اور یوں ڈی ایل میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کےلئے 119 رنز کا ہدف ملا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 3.1 اوورز میں 41 رنز بٹورے لیکن بارش کے باعث میچ ایک بار پھر روکنا پڑا اور کافی دیر تک بارش نہ رکنے کے سبب امپائرز نے میچ ختم کرنےکا اعلان کردیا، یوں پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان صرف ایک رن پر ہی فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑگیا، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔ون ڈاﺅن پوزیشن پر آنےوالے حارث سہیل بھی کچھ نہ کرسکے اور صرف 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔ سرفراز کی جگہ پانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان کا ساتھ دیا اور مجموعی سکور کو 70 تک لے گئے۔

رضوان 30 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔13ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بارش ہوگئی، جس پر کھیل 15، 15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو رنز بنانے کی رفتار میں اضافے کی بجائے وکٹیں گرنے کی سپیڈ بڑھ گئی، بعد میں آنےوالے آصف علی اور عماد وسیم بھی بابر اعظم کا ساتھ نہ دے سکے۔آصف نے 10 رنز بنائے اور عماد وسیم کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ پاکستان نے مقررہ 15 اوورز میں 107 رنز بنائے، تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کےلئے 15 اوورز میں 119 رنز کا ہدف ملا ہے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے۔ 
وقت اشاعت : 03/11/2019 - 15:13:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :