قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چھٹے راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل

سدرن پنجاب کے اوپنرز سمیع اسلم اور عمر صدیق کی سنچریاں، ناردرن کے اسپنر نعمان علی کے ایک اننگز میں 8 شکار

پیر 4 نومبر 2019 19:25

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چھٹے راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 نومبر2019ء) بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کے خلاف 1 وکٹ کے نقصان پر 296 رنز بنالیے ہیں۔ بلوچستان کے کپتان عمران فرحت نے ٹاس کیے بغیر پہلے باوٴلنگ کرنے کا اعلان کیا جو موٴثر ثابت نہ ہوسکا۔ سمیع اسلم اور عمر صدیق پر مشتمل سدرن پنجاب کی اوپننگ جوڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 283 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

سمیع اسلم نے 255 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 149 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عمر صدیق 14 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 130 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔ صہیب مقصود 7 کے انفرادی اسکور سے سمیع اسلم کے ہمراہ کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن نے 1 وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنالیے ہیں۔

(جاری ہے)

ناردرن کے اسپنر نعمان علی کی تباہ کن باوٴلنگ کے سامنے سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں226 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 61 رنز پر سنٹرل پنجاب کی ابتدائی 2وکٹیں گرنے کے بعد کپتان احمد شہزاد اور عمر اکمل کے درمیان 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔احمد شہزاد 55 اور عمر اکمل 52 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

دونوں کھلاڑیوں کے آوٴٹ ہوتیہی ناردرن کے اسپنر نعمان علی کی نپی تلی باوٴلنگ کے سامنے سنٹرل پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور70ویں اوور میں 226 رنزبنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ نعمان علی نے 71 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں ناردرن کی پہلی وکٹ 14 رنز پر گر گئی۔ حیدر علی 12 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر عمر امین 19 اور ذیشان ملک 13 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے دن کا آغاز کریں گے۔


ادھر ایبٹ آبادکرکٹ اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں کپتان صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری کی بدولت6 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کئے بغیر پہلے باوٴلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔خیبرپختونخوا کی پہلی وکٹ 54کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب اسرار اللہ 36 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔

اشفاق احمد اور عادل امین کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ذوہیب خان کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 78 رنز جوڑے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان 88 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے شامل تھے۔ دن کے اختتام پر ریحان آفریدی 33 اور ساجد خان 17 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ سندھ کی جانب سیفاسٹ باوٴلر سہیل خان 2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 04/11/2019 - 19:25:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :