نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 14 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی، کولن ڈی گرینڈہوم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

منگل 5 نومبر 2019 13:58

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 14 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی، کولن ڈی گرینڈہوم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
نیلسن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) کولن ڈی گرینڈ ہوم کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 14 رنز سے ہرا کر پانچ میچز کی سیریز 2-1 کی برتری حاصل کرلی، کولن ڈی گرینڈہوم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، انگلش ٹیم 181 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، انگلینڈ ٹیم کے ڈیوڈ میلان کی نصف سنچری رائیگاں گئی، کولن ڈی گرینڈہوم کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

منگل کو نیلسن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹم سائوتھی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا، کیویز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 181 رنز کا ہدف دیا، کولن ڈی گرینڈہوم نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندون پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 55، مارٹن گپٹل نے 33 اور راس ٹیلر نے 27 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی طرف سے ٹام کیورن نے دو، ثام کیورن، ثاقب محمود، برائون اور پارکنسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹون کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، ڈیوڈ میلان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے، ونس 49 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ یوں کیویز نے انگلینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 14 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے فرگوسن اور ٹکنر نے دو، دو جبکہ ایش سودھی اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کولن ڈی گرینڈہوم کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 05/11/2019 - 13:58:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :