افتخار احمد نے آسٹریلیوی سرزمین پر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

آل راﺅنڈر نے کینگروز کے دیس میں نمبر 6پر سب سے بڑا سکور بنا ڈالا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 نومبر 2019 16:17

افتخار احمد نے آسٹریلیوی سرزمین پر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
کینبرا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6نومبر2019ء) قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر افتخار احمد نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں نمبر چھ پر کینگروز کے دیس میں سب سے بڑا سکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیوی کپتان ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 2011ءمیں انگلینڈ کے خلاف میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ پر33گیندوں پر53رنز کی باری کھیلی تھی ۔

افتخار احمد نے 34گیندوں پر 5چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے62رنز کی باری کھیلی تھی جس نے پاکستان کا سکور150تک پہنچانے میں مدد دی ۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی بیٹسمین افتخار احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرلی جائے گی۔افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود بھی شکست پر انہیں بہت زیادہ مایوسی ہوئی کیونکہ اگر پاکستان کو کامیابی مل جاتی تو کیریئر بیسٹ اننگز کا لطف دوبالا ہو جاتا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی باﺅلرز قابل بھروسہ اور باصلاحیت ہیں جو 150رنز کا کامیابی کے ساتھ دفاع کر سکتے تھے لیکن یہ سٹیو سمتھ کا دن تھا جنہوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکال کر لے گئے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی مثبت انداز سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی جانب سے یہی کوشش جاری رہے گی۔ 
وقت اشاعت : 06/11/2019 - 16:17:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :