آسٹریلیا سے تیسرا ٹی ٹونٹی، قومی ٹیم میں 3تبدیلیاں متوقع

فخر ،عرفان اور آصف علی کی جگہ امام ،خوشدل شاہ اور حسنین کو کھلائے جانیکا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 نومبر 2019 15:30

آسٹریلیا سے تیسرا ٹی ٹونٹی، قومی ٹیم میں 3تبدیلیاں متوقع
پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7نومبر2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی جمعے کو پرتھ میں کھیلا جائےگا ،تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم میں 2 سے 3تبدیلیاں متوقع ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے ٹی20 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دےکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

ابتدائی دونوں میچوں میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح جدوجہد کرتی ہوئی نظر آئی اور بابر اعظم کے سوا کوئی بھی بلے باز آسٹریلین باﺅلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔گزشتہ کچھ میچوں سے آﺅٹ آف فارم فخر زمان کی مستقل ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ابتدائی دونوں میچوں میں وہ بالترتیب صفر اور دو رنز پر آوٹ ہوئے،فخر زمان تقریباً ڈیڑھ سال اور گزشتہ 12 میچوں کے دوران ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کرسکے ہیں ،گزشتہ 12 ٹی ٹونٹی میچوں میں فخر کا سب سے زیادہ سکور 24 رنز تھا اور وہ کم و بیش تمام ہی میچوں میں ایک ہی طریقے سے وکٹ گنوا کر پویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی بھی اپنے بلے سے بھی رنز نکلنے کا نام نہیں لے رہے اور گزشتہ سال جولائی میں ڈیبیو کرنےوالے بلے باز نے ابتک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میں ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کا ڈھیر لگانےوالے آصف علی ابتک 25 ٹی ٹونٹی میچوں میں صرف 331 رنز بناسکے ہیں۔حارث سہیل بھی ابتدائی دونوں میچوں میں ناکام رہے لیکن ٹیم مینجمنٹ نے انہیں ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم فخر زمان اور آصف علی کی اگلے میچ میں شمولیت غیریقینی ہے۔

ذرائع کے مطابق تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم میں فخر زمان کی جگہ امام الحق اور آصف علی کی جگہ نوجوان خوشدل شاہ کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے، ابتدائی میچوں میں طویل القامت محمد عرفان کی خراب کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بھی تیسرے میچ سے ڈراپ کرنےکا فیصلہ کیا ہے اور عرفان کی جگہ محمد حسنین کو میچ میں موقع دیا جانے کا امکان ہے۔
وقت اشاعت : 07/11/2019 - 15:30:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :