تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ میزبانی مل گئی، بھارت بھی شرکت پر رضامند

پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کے بعد بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کیلئے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروا دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 7 نومبر 2019 23:16

تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ میزبانی مل گئی، بھارت بھی شرکت پر رضامند
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07نومبر2019ء) تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ میزبانی مل گئی ہے جبکہ بھارت نے بھی شرکت پر رضامند ظاہر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کے بعد بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کیلئے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت، ایران، امریکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا شریک ہوں گے جبکہ کینیا، ناروے، نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بھی شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے اور پاکستان آئندہ سال 12 جنوری سے کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور لاہور شہر اس 7روزہ ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں شرکت کے لیے بھارتی کبڈی فیڈریشن نے بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے لاہور میں پریس کافرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کبڈی کا عالمی میلہ آئندہ سال پاکستان میں ہو گا اور لاہور 12 سے 18 جنوری تک کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جکہ دو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد میگا ایونٹ کا حصہ بنیں گی، ایونٹ میں تین براعظم کی ٹیمیں شامل ہوں گی جس میں پاکستان، انڈیا، ایران، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، کینیا اور سیرالیون کی ٹیمیں براہ راست شرکت کریں گی۔

کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ، رنراپ کو 75 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن کی ٹیم کو 50 لاکھ انعام دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کے انعقاد کا آغاز 2010 میں ہوا تھا اور اب تک 6 ورلڈ کپ مقابلے منعقد ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ میں پاکستانی کبڈی ٹیم نے شرکت کی تھی۔ اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ مقابلے بھارت میں منعقد ہوئے جن میں سے چار ورلڈ کپس کے فائنلز میں پاکستانی ٹیم کو شکست ہوئی جبکہ ایک میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی۔
وقت اشاعت : 07/11/2019 - 23:16:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :