قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان شدید جھڑپ

مصباح آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عرفان اور وہاب ریاض کو کھلانے پر بضد تھے، جبکہ بابر نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 نومبر 2019 22:58

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان شدید جھڑپ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 نومبر2019ء) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان شدید جھڑپ، مصباح آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عرفان اور وہاب ریاض کو کھلانے پر بضد تھے، جبکہ بابر نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان جھڑپ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم اور مصباح الحق کے درمیان آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ سے قبل گرما گرم بحث ہوئی تھی۔ میچ سے قبل ٹیم میٹنگ کے دوران جب پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جانا تھا، تب 2 کھلاڑیوں محمد عرفان اور وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مایوس کن کارکردگی کے باعث بابر اعظم محمد عرفان اور ویاب ریاض کو آسٹریلیا کیخلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھلانے کیلئے راضی نہیں تھے۔

تاہم قومی ٹیم کے کوچ مصباح الحق ہر حال میں دونوں فاسٹ باولرز کو سیریز کے آخری میچ میں بھی موقع دینا چاہتے تھے۔ اس حوالے سے کوچ اور کپتان کے درمیان کافی دیر تک بحث جاری رہی اور گرما گرمی بھی ہوئی۔ بعد ازاں بابر اعظم اپنی بات منوانے میں کامیاب رہے اور وہاب ریاض اور محمد عرفان کی جگہ آل راونڈر خوش دل شاہ اور فاسٹ باولر موسیٰ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ تاہم بدقسمتی سے اس کے باوجود پاکستان آسٹریلیا کیخلاف تیسرے میچ میں شکست سے دوچار ہو کر سیریز ہار گیا۔ آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز بابر اعظم کی بطور کپتان پہلی سیریز تھی جس میں وہ ناکام رہے۔ اس سیریز میں بابر اعظم کو شعیب ملک، محمد حفیظ سمیت دیگر کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہ تھیں۔
وقت اشاعت : 09/11/2019 - 22:58:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :